Live Updates

ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہونے کے باوجود 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں

حالیہ ہفتے میں لہسن، گھی، کوکنگ آئل، واشنگ سوپ سمیت بارہ اشیاء مہنگی ہوئیں، 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ ادارہ شماریات کی مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 نومبر 2024 18:43

ملک میں مہنگائی کی شرح کم ہونے کے باوجود 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 نومبر 2024ء ) ملک میں ٹیکسز بڑھنے آئی ایم ایف کی شرائط کے باعث عوام پر مہنگائی کے شدید اثرات پڑے ہیں، ملک میں گزشتہ ہفتے میں سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 5.03 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ ہفتہ وار بنیادوں پر 12 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.03 فیصد کمی ہوئی۔

رواں ہفتے 9 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 30 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ادارہ شماریا ت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے دوران آلو 3.34 فیصد، لہسن ایک 1.69 فیصد مہنگا ہوا، کیلے ایک اعشاریہ ایک تین فیصد، کوکنگ آئل 0.77 فیصد، انڈے اعشاریہ چھ پانچ فیصد اور ایل پی جی کے نرخ اعشاریہ دو صفر فیصد بڑھے۔

(جاری ہے)

گھی، کوکنگ آئل، واشنگ سوپ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ایک ہفتے میں چکن 3.78 فیصد، ٹماٹر 2.23 اور دال چنا 1.60 فیصد سستی ہوئی، دال مسور 1.38 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ باسمتی چاول، گڑ، دال ماش اور دال مونگ بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔ دوسری جانب  نیوز ایجنسی کے مطابق موجودہ 15 دن کے آخری 12 دنوں میں بین الاقوامی قیمتوں میں ہونے والے معمولی اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے یکم دسمبر 2024 سے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 2.87 فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔

تاہم متعلقہ حکام اسرائیل حزب اللہ کی جنگ بندی کی وجہ سے آج یا کل سے عالمی منڈیوں میں پی او ایل کی قیمتوں میں کمی کی توقع کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پی او ایل کی قیمتیں غیر تبدیل شدہ رہ سکتی ہیں۔ برینٹ کروڈ فیوچرز 2 سینٹ بڑھ کر 72.83 ڈالر فی بیرل پر طے ہوا جبکہ یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ کی قیمت 5 سینٹ کم ہوکر 68.72 ڈالر ہوگئی۔ موجودہ 15 دن کے 12دنوں پر مبنی کام کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3روپے فی لیٹر اضافے پر کام کیا گیا ہے اور یہ موجودہ قیمت 248.38 روپے فی لیٹر سے 251.38 روپے فی لیٹر کی نئی قیمت پر طے ہو سکتی ہے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات