یورپ میں پی آئی اے پر عائد پابندی ختم

یورپی ایئرسیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پروازوں پر 4 سال سے عائد پابندی ختم کر دی

muhammad ali محمد علی جمعہ 29 نومبر 2024 19:28

یورپ میں پی آئی اے پر عائد پابندی ختم
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 نومبر 2024ء ) یورپ میں پی آئی اے پر عائد پابندی ختم،یورپی ایئرسیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پروازوں پر 4 سال سے عائد پابندی ختم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق تباہ حالی کا شکار پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ قومی ائیرلائن کی پروازوں پر یورپ میں 4 سال سے عائد پابندی ختم کر دی گئی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی کی جانب سے پاکستانی ائیرلائنز سے پابندی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ پی آئی اے پر عائد پابندی کے خاتمے کے حوالے سے یورپی ائیر سیفٹی ایجنسی نے اپنے مکتوب میں وزرات ہوابازی اور پی آئی اے انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کر دیا ہے۔ قومی ائیرلائن کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے گزشتہ 4 سال کی انتھک محنت کے بعد یہ اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے، پی آئی اے انتظامیہ ایاسا اور ان کے قوانین اورضابطوں پر مکمل عمل پیرا رہے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ یورپی ایئر سیفٹی ایجنسی نے ساڑھے چار سال قبل پی آئی اے پر پابندی عائد کردی تھی۔ اس حوالے سے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی پروازوں پر پابندی اٹھالی ہے۔ پی آئی اے پر یورپ کی پروازوں کیلئے عائد پابندی کا اٹھنا یاد گار موقع ہے، پی آئی اے اور ایوی ایشن انڈسٹری تباہی کے دہانے پر آگئی تھی۔

اب یورپ کیلئے پی آئی اے کا آپریشن جلد بحال ہوجائے گا، یہ کامیابی بین الاقوامی شہری ہوابازی تنظیم کے معیارات یقینی بنانے اور وزارت ہوابازی کی مکمل توجہ سے ممکن ہوئی۔ امید ہے کہ جلد برطانیہ اور دیگر ممالک کیلئے بھی پابندی ہٹ جائے گی۔ پی آئی اے کی دیگر پروازوں سے ریٹنگ بہتر ہوئی ہے۔ پابندی اٹھنے سے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں آسانی ہوگی۔