شیخوپورہ ،جنسی سیکنڈل میں ملوث نجی تعلیمی ادارے کاسربراہ گرفتار

منگل 3 دسمبر 2024 20:00

شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2024ء) شیخوپورہ میں پولیس نے جنسی سیکنڈل میں ملوث نجی تعلیمی ادارے کے سربراہ کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پولیس نے پرنسپل آفس کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا ریکارڈ قبضہ میں لیکر فرانزک کیلئے بھجوادیا ہے۔مرزا ورکاں روڈ پر واقع نجی تعلیمی سکول بند ہونے سےزیر تعلیم سینکڑوں طلبہ و طالبات کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم ارسلان احمد نے درجنوں طالبات اور خواتین اساتذہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا ہے متاثرہ خواتین اساتذہ و طالبات بدنامی کے ڈر سے سامنے نہیں آرہیں تاہم ملزم سے تفتیش کے دوران ہونیوالے انکشافات کو پولیس صیغہ راز میں رکھے ہوئے ہے اور ابھی تک ملزم کو عدالت میں بھی نہیں پیش کیا گیا ۔دوسری طرف اہل علاقہ میں بھی شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے ۔

گزشتہ دس سال سے شرافت کالبادہ اوڑھے پرنسپل ارسلان سکول میں گھناؤنا کھیل کھلتا آرہا ہے جسے سوچ پر بھی خوف آتا ہے یہ کسی رعایت کا مستحق نہیں اسے کڑی سے کڑی سزا ملنی چاہئے۔علاوہ ازیں ملزم کی نشاندہی پر پولیس کی طرف سے اس کے ایک ساتھی کی گرفتاری بھی عمل میں لائی گئی ہے جس کو گرفتار کرنے کی وجوہات اور اس سے پوچھ گچھ کی تفصیلات پولیس راز میں رکھ رہی ہے۔\378