سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باقاعدہ افتتاح ، عوام کے وسائل انہی کو ریلیف دینے کے لئے خرچ کئے جائیں گے، وزیر اعلی مریم نواز

جمعہ 6 دسمبر 2024 15:03

سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باقاعدہ افتتاح ، عوام کے وسائل انہی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2024ء) وزیراعلی مریم نوازشریف نے جمعہ کو سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا ۔ پنجاب میں ایک لاکھ صارفین کوسی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کے تحت سولر پینل فراہم کئے جائیں گے،ا س سلسلے میں صوبہ بھرکے صارفین ایس ایم ایس یاآن لائن پورٹل پر گھر بیٹھے اپلائی کرسکتے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ فری سولر پینل سکیم کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف فراہم کرنا ہے، قبل ازیں فی یونٹ 14روپے سبسڈی دینے سے پنجاب کے 73لاکھ صارفین مستفید ہوئے،عوام کے وسائل انہیں سہولت اور ریلیف دینے کے لئے ہی خرچ ہوں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری توانائی پنجاب نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل سکیم کے بارے میں وزیر اعلی کو بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگائے جائیں گے جبکہ صوبہ بھر میں ماہانہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا اور100یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے 52019صارفین کو 550واٹ کا مفت سولر سسٹم دیاجائے گا۔ اسی طرح 200یونٹ تک ماہانہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو 1100واٹ کا سولر سسٹم مفت دیاجائے گا ۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ فری سولر پینل حاصل کرنے والے صارفین کی معاونت او ررہنمائی کے لئے ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے گی ،سولر پینل اور انورٹر کو چوری سے بچانے کے لئے صارف کے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ سے منسلک کیا جائے گا ،پنجاب میں ایک لاکھ سولر سسٹم انسٹال کرنے سے 57ہزار ٹن کاربن کااخراج اور وفاقی حکومت پر بھی سبسڈی کا بوجھ کم ہوگا۔

بریفنگ میں مزیدبتایا گیا کہ سی ایم فری سولر پینل سکیم کی رجسٹریشن کے لئے پورٹل cmsolarscheme.punjab.gov.pk پر آن لائن اپلائی کیاجاسکتاہے،پنجاب کے صارفین فری سولر پینل سکیم کے لئے 8800پرایس ایم ایس بھیج کر بھی رجسٹریشن کراسکتے ہیں ، صارفین کے ماہانہ بل پر درج ریفرنس نمبر اور سی این آئی سی نمبر سے ویری فکیشن کی جائے گی جس کے بعد سکیم میں شفافیت کے لئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جائے گی ۔