انتہائی شدت والی سردی کی لہر ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار

ملک بھر کے شہری غیر معمولی سردی کیلئے تیار ہو جائیں، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری معمول سے کم رہنے کی توقع

muhammad ali محمد علی جمعہ 6 دسمبر 2024 21:39

انتہائی شدت والی سردی کی لہر ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2024ء) انتہائی شدت والی سردی کی لہر ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار، ملک بھر کے شہری غیر معمولی سردی کیلئے تیار ہو جائیں، پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری معمول سے کم رہنے کی توقع۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں موسم سرما کی غیر معمولی تاخیر سے آمد کے باوجود ماہ دسمبر کے آغاز پر ہی ملک میں سردی کی انتہائی شدید اور غیر معمولی لہر کی آمد کا امکان ہے۔

اس حوالے سے محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہوائیں 7 دسمبر سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوں کے ملک میں داخل ہونے کے بعد 8 سے 14 دسمبر کے دوران سردی کی شدید لہر کا امکان ہے۔ سردی کی اس غیر معمولی لہر کے دوران پنجاب، خیبر پختونخواہ اور کشمیر میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری معمول سے کم رہے گا، جس سے سردی کی شدت میں واضح اضافہ محسوس ہو گا۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں 7 دسمبر سے داخل ہونے والے مغربی ہواوں کے سلسلے کے باعث چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور وادی نیلم میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ جبکہ مظفر آباد، راولا کوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ 7 اور 8 دسمبر کے دوران مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 7 اور 8 دسمبر کے دوران مری، گلیات میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کسانوں کو موسم کی صورتحال کے باعث اپنے معمولات ترتیب دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔