پاکستان کے سب سے جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی تکمیل سے متعلق اہم پیش رفت

آئندہ سال پی ایس ایل کے میچوں کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پشاور کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 7 دسمبر 2024 00:21

پاکستان کے سب سے جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی تکمیل سے متعلق اہم پیش ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 دسمبر2024ء) پاکستان کے سب سے جدید کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی تکمیل سے متعلق اہم پیش رفت، آئندہ سال پی ایس ایل کے میچوں کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پشاور کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کے جاری ترقیاتی منصوبے پر کام کی رفتار کو تیز تر کیا جائے اور اس سلسلے میں سٹیڈیم کے سول ورک کو ڈبل شفٹ میں سرانجام دیا جائے تاکہ بلا کسی تعطل اس اہم منصوبے کا باقی ماندہ کام سرعت کیساتھ مکمل ہو سکے اور آئندہ سال پی ایس ایل کے میچوں کا انعقاد یہاں پر ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ کو اس سلسلے میں فنڈز کا اجرا کیا جائے گا جبکہ گزشتہ بقایاجات کو پورا کرنے کیلئے بھی فنڈز دئے جائیں گے۔ وزیر کھیل اور امور نوجوانان نے اس حوالے سے پشاور میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام سے منعقدہ ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں سپرنٹنڈنٹ انجینرنگ میگا پروجیکٹس کے علاؤہ دیگر افسران اور محکمہ کھیل کے حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر نے سی اینڈ ڈبلیو افسران سے صوبائی سطح کے اس اہم سٹیڈیم پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ لی اور اس سلسلے میں حائل چیلنجوں کے حوالے سے انھیں آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے سختی سے ہدایات کہ اس اہم منصوبے نے تعمیر میں غیر ضروری طوالت اختیار کی ہوئی ہے اور اس کو انٹرنیشنل اور پی ایس ایل میچز کیلئے آئندہ سال کے اوائل مہینوں میں ہر حالت میں پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ سال 15 فروری تک ہر صورت میں اسکا سول ورک مکمل کیا جائے تاکہ پی ایس ایل میچز کے انعقاد کیلئے یہ بلکل تیار ہو۔انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فنڈز کے مسائل کو حل کیا جائے گا اور بقایاجات رقم کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔دریں اثناں وزیر کھیل اور امور نوجوانان نے ارباب نیاز سٹیڈیم پشاور کے تعمیراتی کام کے سلسلے میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کے کنسلٹنٹ فرم کے نمائندوں کے اجلاس کی بھی صدارت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ سٹیڈیم کی تکمیل مقررہ ٹائم لائن میں ہر حالت میں مکمل کرنی ہے تاکہ اس میدان کو عالمی کھیلوں کیلئے جلد از جلد تیار کیا جاسکے۔

انھوں نے اس سلسلے میں کنسلٹنٹ فرم کو اپنی متعین ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی تاکہ سٹیڈیم کے تعمیری کام کو مزید تاخیر سے بچاتے ہوئے جلد از جلد اسے میچوں کیلئے تیار کیا جا سکے۔