پہلی زلمی ویمن کرکٹ لیگ پشاور نے جیت لی

فائنل میں ہزارہ ریجن کو 7 وکٹوں سے شکست ، مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے انعامات تقسیم کئے

Amjad Ali khan امجد علی خان ہفتہ 7 دسمبر 2024 17:28

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 دسمبر 2024ء ) پہلی زلمی ویمن لیگ پشاور سٹارزنے جیت لی فائنل میں ہزارہ ریجن کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کرلیا اس حوالے سے ایک رنگا رنگ اختتامی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف تھے ان کے ہمراہ ٹیسٹ کرکٹر ارشد خان،سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کامران افریدی،پشاور زلمی کے ڈائریکٹر محمد اکرم،وی سی شہید بینظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد،وی سی اسلامیہ کالج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر علی محمد،ڈائریکٹر سپورٹس پشاور یونیورسٹی بہر کرام سمیت مختلف کالجز اور یونیورسٹیز کے پروفیسرز موجود تھے جبکہ فائنل میچ دیکھنے کے لئے مختلف کالجز اور یونیورسٹیز طلبہ و طالبات کثیر تعداد میں آئے ہوئی تھی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی بیرسٹر سیف نے کہا کہ پشاور زلمی اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے خیبرپختونخوا کے بچیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایک بہترین ایونٹ کا انعقاد کیا ان کا کہنا تھا کہ یوتھ ہمارا مستقبل ہے اس کو ترجیح دینا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور ہار کی وجہ سے جیت کی لگن اور جوش و جذبے میں اضافہ ہوتا ہے ان کا کہنا تھا کہ ویمن ایمپاورمنٹ کے لئے اس طرح کی سرگرمیاں انتہائی ناگزیر ہے اور قومی تقاضہ بھی ہے اس موقع پر زلمی پشاور کے ڈائریکٹر محمد اکرم نے صوبائی حکومت اور تمام اضلاع کے کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ زلمی پشاور مردوں کیساتھ ساتھ خواتین کی کرکٹ پر بھی بھر پور توجہ دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ خواتین کے لئے مختلف ایکٹیویٹز منعقد کررہی ہے ان کا کہنا تھا کہ بچیوں کی جوش و جذبے کو دیکھ کر ہماری کوشش ہو گی کہ اس طرح لیگ کو مستقبل میں تسلسل کیساتھ منعقد کریں ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں مردوں کیساتھ ساتھ خواتین میں بھی کافی ٹیلنٹ موجود ہے اور اس طرح ایونٹس کے انعقاد سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لائی جاسکتی ہے،فائنل میچ کے نتائج کے مطابق ہزارہ ریجن نے پہلے کھلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 50 رنز بنائے جس میں رائمہ 17 رنز کیساتھ نمایاں بیٹر رہی جبکہ پشاور کی جانب سے فاطمہ نے تین،سیمہ نے دو،ذیب النسائ اور ماریہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی اس کے جواب میں پشاور کی ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کیا اور یو زلمی ویمن لیگ کی چیمپئن بن گئی پشاور کی جانب سے فاطمہ 21 رنز کیساتھ نمایاں بیٹر رہی جبکہ ہزارہ کی جانب سے مقدص نے دو وکٹیں حاصل کرلی،واضح رہے زلمی ویمن کرکٹ لیگ میں خیبرپختونخوا کے تمام ریجنز سے آٹھ ٹیموں نے شرکت کی تھی جس میں ہزارہ ریجن اور پشاور سٹار نے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا تھا۔