بیرسٹر دانیال چوہدری اور محمد حنیف عباسی کا واسا راولپنڈی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ ، راول روڈ پر جدید ڈرائیونگ لائسنس سینٹر کا افتتاح کر دیا

پیر 9 دسمبر 2024 21:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2024ء)پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری اور رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی نے آج واسا راولپنڈی کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد شہر کے پانی کی فراہمی سے متعلق سنگین مسائل(خصوصاً این اے 57 اور این اے 56 کے علاقوں میں)کے بارے میں فوری حل کی حکمت عملی وضع کرنا تھا۔

واساکی ٹیم نے اس موقع پر پانی کے وسائل کے انتظام کے حوالے سے اپنے جاری منصوبوں، بشمول بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے اقدامات اور زیر زمین پانی کے انتظام کے لیے پائیدار تجاویز پیش کیں۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے واساکی کوششوں کو سراہتے ہوئے زیر زمین پانی کے تحقیقاتی منصوبوں، پانی کے معیار کی جانچ اور عملے کی جدید تربیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

واسا نے شہریوں کو درپیش پانی کی فراہمی کے مسائل کے جلد از جلد حل کے عزم کا اعادہ کیا۔ علاوہ ازیں بیرسٹر دانیال چوہدری اور محمد حنیف عباسی نے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے تعاون سے راول روڈ پر جدید ڈرائیونگ لائسنس سینٹر کا افتتاح کیا۔ یہ نیا مرکز راولپنڈی کے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آسان اور موثر سہولت فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ یہ اقدام شہریوں کو وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ بہتر سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔