کراچی میں منشیات اور گٹکا ماوا کی کھلے عام فروخت سوالیہ نشان ہے، ایاز میمن موتیوالا

منگل 10 دسمبر 2024 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2024ء)آل کراچی تاجرالائنس کے چیئرمین وبانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات اور گٹکا ماوا کی کھلے عام فروخت سوالیہ نشان ہے انتظامیہ منشیات کی روکتھام اور پھیلاو روکنے میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے، مین پوری ، گٹکا ، ماوا نہایت مضر صحت ہیں اور مستقبل کے معماروں کو محفوظ رکھنے کے لیئے سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایاز میمن موتیوالا نے کہا روزانہ گٹکا و ماوا کھانے والے نوجوانوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ملک دشمن عناصر ہماری نوجوان نسل کو تباہ کردینا چاہتے ہیں کیونکہ نوجوان کسی بھی معاشرے کی ترقی اورخوشحالی کی ضمانت ہوتے ہیں۔ ایسے لوگ عوام کے دشمن ہیں جو چند روپوں کے خاطر ہمارے نوجوانوں کو زہر کھلا رہے ہیں، انتظامیہ کی ڈھیل کی وجہ سے ماوے، گٹکے کا استعمال ہمارے اسکولوں، کالیجز تک پہنچ گیا ہے جس کی وجہ سے نوجوان نسل تباہ ہورہی ہے۔ ایاز میمن موتیوالا نے آئی جی سندھ ، یڈیشنل آئی جی کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات اور گٹکا ، ماوہ کی خریدو فروخت میں ملوث عناصرکو فی الفورگرفتارکیا جائے اور روکتھام کے لئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں۔