زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تین روزہ گل داؤدی کی نمائش کا آغاز ہو گیا

بدھ 11 دسمبر 2024 11:58

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2024ء)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تین روزہ گل داؤدی کی نمائش کا آغاز ہو گیا جس میں مقامی افراد سمیت طلبا و طالبات بڑی اکثریت میں پھولوں کے رنگوں اور خوشبوؤں سے محظوظ ہونے کے لئے شرکت کی۔ تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سرور خاں نے کہا کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے ماحول میں اس طرح کی نمائش تازہ ہوا کا جھونکا رعنائیوں و مسرتیں بکھیرنے کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں نفرتوں اور پریشانیوں کی بدبو کو محبتوں اور بھائی چارے اور رواداری کی خوشبو سے مٹانا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈ، کولمبیا، کینیاودیگر ممالک عالمی منڈی میں پھولوں سے کثیرزرمبادلہ کما رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس وقت دنیا کی فلوریکلچر مارکیٹ 60بلین ڈالر سے زائد ہے پاکستان میں بھی فلوریکلچر کو فروغ دے کر بین الاقوامی مارکیٹ سے اپنا حصہ لینے کے لئے کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ میں زراعت کے فروغ اور بہترین افرادی قوت کی فراہمی کے حوالے سے تمام ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ زراعت کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے تخفیف غربت کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈائریکٹر ہارٹیکلچر ڈاکٹر احمد ستار نے کہا کہ یہ نمائش ہارٹیکلچر کے طلبائ کو پھولوں کو تخلیقی انداز میں ترتیب دینے کا ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جس سے انہیں بہترین کارکردگی دکھانے میں مدد ملے گی۔

ڈاکٹر افتخار احمد نے بتایا کہ نمائش میں 200 سے زائد اقسام کے پھول رکھے گئے تھے جس میں جامعہ زرعیہ اور دیگر چھ یونیورسٹیوں کے طلبائ نے پھولوں کی خوبصورتی کو پرکشش انتظامات کے ساتھ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے تیار کردہ پھول کی 20 اقسام بھی نمائش میں رکھی گئی ہیں۔ اس موقع پر سابق ایم پی اے نجمہ افضل، سابق صدر فیصل آباد چیمبر آف کامرس ڈاکٹر خرم، پرنسپل آفیسر سٹوڈنٹس افیئر ڈاکٹر ریاض ورک، چیئرمین انٹامالوجی ڈاکٹر جلال عارف، ڈائریکٹر سوائل سائنس ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر، ڈاکٹر محمد عثمان، چیف ہال وارڈن ڈاکٹر طیب، پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر ندیم اکبر، ڈاکٹر رائے آصف، ڈاکٹر محسن بشیر، رجسٹرار طارق محمود گل، ٹریڑرر سید ذیشان اشفاق بخاری، ڈپٹی ٹریڑرر عمر سعید قادری و دیگر بھی موجود تھے۔