مردان، ویمن یونیورسٹی میں منشیات کے نقصانات کے حوالے سے سیمینارکا انعقاد

جمعرات 12 دسمبر 2024 21:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2024ء) ویمن یونیورسٹی مردان میں منشیات کے نقصانات اوران کے تدارک کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔ترجمان ضلعی پولیس مردان کے مطابق سیمینار میں ڈی پی اومردان ظہوربابرآفریدی نے بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈی پی او نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طلبہ کو منشیات، خصوصاً آئس کے خطرناک اثرات اوران سے بچاؤ کے اقدامات کے بارے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ منشیات نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ خاندانوں اورمعاشرے پرگہرے منفی اثرات مرتب کرتی ہیں، مردان پولیس نے نومبر کے مہینے میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپورکارروائیاں کرتے ہوئے 109 منشیات فروشوں کوگرفتار کیا جن کے قبضے سے 113 کلوگرام چرس، 22 کلوگرام آئس، 4 کلوگرام ہیروئن، اور10 لیٹرشراب برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کو ترغیب دی کہ وہ اپنے ارد گرد ہونے والے مشکوک واقعات کی اطلاع پولیس کو دیں، اس مقصد کے لیے پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اورموبائل نمبردستیاب ہیں، اطلاع دینے والے کا نام مکمل طورپرخفیہ رکھا جائے گا۔

سیمینار کے دوران ڈی پی او مردان نے طلبہ اور فیکلٹی کو پولیس کے جدید اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مردان پولیس عوامی خدمت اور جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہی ہے جن میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر، فیشل ریکگنیشن سسٹم، ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز (DRCs)، خدمت مرکز، اورٹریفک وارڈن ڈرائیونگ اسکول شامل ہیں، ان اقدامات کا مقصد عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنا اورپولیسنگ کےعمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

سیمینارمیں ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صفیہ احمد، وزیراعظم کے مشیر کاشف اشفاق، سینئر فیکلٹی ممبران، اور بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ شرکاء نے منشیات کے خلاف مردان پولیس کی مؤثر کارکردگی کو سراہا اوراسے نوجوان نسل کے تحفظ کے لیے ایک مثبت قدم قراردیا۔