وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کی چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات

جمعہ 13 دسمبر 2024 20:12

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2024ء) وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ایم این ایس یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں جامعات میں تدریسی، تحقیقی اموراور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں فنڈز کی کمی کے باعث زیر التواء ترقیاتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبے نہ صرف جامعہ اسلامیہ بلکہ جنوبی پنجاب کی تعلیمی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں، ہائر ایجوکیشن کمیشن ان منصوبوں کا ازسرنو جائزہ لے کر ان کی تکمیل کے لیے فنڈز جاری کرے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن جنوبی پنجاب کی جامعات سمیت ملک بھر کی جامعات کی ترقی اور بہتری کے لیے کام کر رہا ہے، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں جاری ترقیاتی منصوبے بھی پایہ تکمیل کو پہنچنے چاہئیں۔

انہوں نے اس مقصد کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کا جائزہ لیکر ان کی بحالی کیلئے فنڈنگ کی فراہمی کے اقدامات کرے۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے ایڈوائزر فنانس ایچ ای سی انجینئر ڈاکٹر مظہر سعید سے بھی ملاقات کی اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔