گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر میں دسمبر ٹیسٹ کا انعقاد منظم اور شفاف طریقے سے جاری، پرنسپل پرو فیسر نعیم الحق چودھری

اتوار 15 دسمبر 2024 15:30

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2024ء) گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر میں دسمبر ٹیسٹ کا انعقاد منظم اور شفاف طریقے سے جاری ہے۔ کالج کے پرنسپل پرو فیسر نعیم الحق چودھری، وائس پرنسپل /کنٹرولر امتحانات پرو فیسر شیخ محمد ذوالفقار علی ،کوآرڈی نیٹر انٹرمیڈیٹ پروگرامز پرو فیسر ڈاکٹر جاوید اقبال نے مختلف امتحانی ہالز کا دورہ کرکے امتحانات کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انھوں نے امتحانی ہالز میں طلبہ کی موجودگی، امتحانی قواعد کی پاسداری، اور عملے کی کارکردگی کا بغور مشاہدہ کیا۔ امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں سخت نگرانی اور قواعد و ضوابط پر عمل درآمد شامل ہے۔پرنسپل اور وائس پرنسپل نے طلبہ کے نظم و ضبط اور سنجیدگی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دسمبر ٹیسٹ سالانہ امتحانات کی تیاری کے لیے اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور یہ طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لینے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔

کنٹرولر امتحانات نے بتایا کہ امتحانات کے تمام مراحل کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے امتحانی عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور طلبہ کی حاضری اور سوالیہ پرچوں کی تقسیم کے عمل کو سراہا۔پرنسپل اور وائس پرنسپل نے امتحانات کے لیے پرچے تیار کرنے اور طلبہ کو امتحانات کی تیاری میں مدد فراہم کرنے پر اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا کردار طلبہ کی تعلیمی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور کالج کے اساتذہ ہمیشہ اس ذمہ داری کو بہترین انداز میں نبھاتے ہیں۔دورے کے دوران پرنسپل نے طلبہ سے خصوصی گفتگو کی اور انہیں مزید محنت کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے طلبہ کو کہا کہ یہ امتحانات ان کی خوبیوں اور خامیوں کو پہچاننے کا موقع فراہم کرتے ہیں، جس سے وہ سالانہ امتحانات میں بہتر کارکردگی دکھا سکیں گے۔گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر کی انتظامیہ امتحانات کے معیار کو بلند کرنے اور طلبہ کو تعلیمی میدان میں کامیابی کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پرنسپل نے کہا کہ کالج انتظامیہ طلبہ کی سہولت اور بہترین تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔\378

متعلقہ عنوان :