آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، نعیم اقبال

اتوار 15 دسمبر 2024 17:00

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2024ء) صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن و سماجی رہنما نعیم اقبال نعیم نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور پاکستان کے وجود کا وہ گہرا زخم ہے جو کبھی نہیں بھر سکتا، شہدائے آرمی پبلک سکول پشاور نے اپنے خون سے علم کی شمع کو روشن کر کے دشمن قوتوں کی سازش کو ناکام بنا دیا،قومیں ہمیشہ عظیم قربانیاں دے کر ہی زندہ رہتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں شہداء آرمی پبلک سکول پشاور کی دسویں برسی کے حوالے سے جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہدائِے اے پی ایس کی عظیم و لازوال قربانی نے پوری قوم کو متحد و یکجا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو نئی زندگی بخشی،آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

نعیم اقبال نے کہا کہ ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی سب کیمپس لودھراں کے زیر اہتمام ہر سال شہداء اے پی ایس پشاور کی برسی کے موقع پر سیمینار و دعائیہ تقریب کا انعقادکیا جاتا ہے،امسال بھی شہداء اے پی ایس پشاور کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان لودھراں سب کیمپس( آج) 16 دسمبر بروز سوموار کو دن گیارہ بجے سیمینار ہال بہاؤ الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان لودہراں سب کیمپس میں خصوصی دعائیہ تقریب و سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔

جس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور علمی ادبی و سماجی شخصیات اظہار خیال کرینگے۔