ہمیں ماضی کے سانحات سے سبق لیتے ہوئے ملک میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔خالد مسعود سندھو

اتوار 15 دسمبر 2024 20:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2024ء) صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے 16 دسمبر کے المناک دن کی مناسبت سے کہا ہے دشمن نے ہمارے درمیان تقسیم کے ذریعے کامیابی حاصل کی اور ہمارے اتحاد کو پارہ پارہ کیا، جس کے نتیجے میں ہمیں اپنا بازو کھونا پڑا۔ اسی طرح 16 دسمبر 2014 کو دشمن نے آرمی پبلک سکول پر حملہ کرکے ہمیں مزید دکھ پہنچایا اور ہمارے معصوم بچوں کو شہید کیا۔

ان واقعات سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہمیں اتحاد، انصاف اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا تاکہ دوبارہ ایسی تاریخ نہ دہرائی جا سکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے آئی-8 مرکز میں ایک اہم اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں پارٹی کے نومنتخب عہدیداران کو نوٹیفکیشن سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس پارٹی کے اہداف کو واضح کرنے اور موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کے لیے بلایا گیا۔

اجلاس میں ضلعی باڈی، این اے 46، 47، 48 کے تیراہ زونل باڈیز کے ممبران نے شرکت کی۔خالد مسعود سندھو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ ایک مستحکم اور جامع پالیسی کے تحت قومی مسائل کے حل کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کے سانحات، جیسے سقوطِ ڈھاکہ اور سانحہ اے پی ایس، سے سبق لیتے ہوئے ملک میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینا ہوگا۔

پارٹی قومی اتحاد، سماجی خدمت اور انصاف پر مبنی سیاست کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے ہر کارکن کو اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانا ہوگی تاکہ عوام کا اعتماد جیتا جا سکے۔اس موقع پر اسلام آباد کے صدر انعام الرحمن کمبوہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پارٹی اسلام آباد میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ اجلاس کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی گئی اور انہیں ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کی گئی۔