پشتونخوا نیپ کے صوبائی صدر اور امیدوار نصراللہ زیرے کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ

اتوار 15 دسمبر 2024 21:20

sکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 دسمبر2024ء)نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی ارگنائزنگ کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی دفتر میں صوبائی صدر احمد جاں خان کی صدارت میں منعقد ھوا۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری مزمل شاہ، مرکزی ارگنائزنگ کمیٹی کے ممبر ھارون بازئی اور صوبائی ارگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی کی جنوبی پشتونخوا اور بلوچستان میں جمہوری،سیاسی، تنظیمی کارکردگی اور سرگرمیوں کی رپورٹ پیش کی گئی۔

جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل میں پارٹی کو مذید منظم اور فعال بنانے، جمہوری و ترقی پسند اور وطن پال سیاسی صف بندی کو یقینی بنانے کے سلسلے میں اہم فیصلے کیے گئے ۔اجلاس میں ملک،خطے اور پشتونخوا وطن کے موجودہ سیاسی صورتحال اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے 27 دسمبر کو لورالائی میں مرکزی جلسہ عام اور پارٹی چیرمین محترم محسن داوڑ کے خطاب کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے پارٹی کے تمام تنظیمی اداروں ، کارکنوں کو تاکید اور تمام باشعور سیاسی کارکنوں، باشعور حلقوں اور عوام سے اس جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی گئی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں صوبے کے حلقے پی۔بی 45 کوئٹہ پر الیکشن میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کی حمایت کا فیصلہ کرتے ہوئے پارٹی کارکنوں کو تاکید اور حلقے کے عوام، سیاسی کارکنوں سے اپیل کی گئی کہ وہ پشتونخوا نیپ کے صوبائی صدر اور امیدوار نصراللہ زیرے کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں ۔اور اپنا قیمتی ووٹ قومی برابری، جمہوریت، سماجی انصاف، امن وترقی کیلئے استعمال کرے۔

اجلاس میں پشتونخوا وطن اور بلوچستان میں جاری دہشت گردی، بدامنی ،بھتہ خوری کی اذیت ناک اور تشویش ناک صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاست، حکومت اور ریاستی اداروں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا گیا اور ریاست و حکومت اور ریاستی اداروں کی پشتون، بلوچ دشمن پالیسیوں اور ڈالری جنگ کے ٹھیکہ داری میں پشتونخوا و بلوچستان کو میدان جنگ بناکر پشتون بلوچ اور دیگر عوام کا خون بہانے کی شدید مذمت کی گئی اور پشتون و بلوچ قومی تحریکوں کے سیاسی پارٹیوں ،سیاسی قیادت اور باشعور حلقوں پر زور دیا گیا کہ وہ درست صف بندی اور قومی محاذ کی تشکیل کرکے قومی جمہوری مزاحمت کے ذریعے اس ڈالری جنگ اور ریاست کے پشتون، بلوچ دشمن پالیسیوں کا راستہ روکیں اور ریاستی جبر و دہشت گردی کے خلاف عوام کے غم وغصے اور ردعمل کو یکجا کر کے قومی جمہوری مزاحمت میں تبدیل کرے۔

جو وقت وحالات کی اولین ضرورت اور قوموں و عوام کا متفقہ مطالبہ ھے۔