ممنوعہ علاقے میں سگریٹ نوشی ملائیشیا کے وزیرخارجہ کو مہنگی پڑ گئی

وزیرخارجہ محمد حسن نے خود جرم کی پاداش میں جرمانہ ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، وزیرصحت

جمعرات 19 دسمبر 2024 11:55

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2024ء)ملائیشیا کے وزیرخارجہ محمد حسن کو ممنوعہ علاقے میں سگریٹ نوشی کا شوق مہنگا پڑ گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ملائیشیا کے وزیرصحت ذوالکفل احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر)پر بیان میں کہا کہ ریاست نگاری سمیان میں ایک سڑک کنارے ریسٹورنٹ میں بیٹھے وزیرخارجہ محمد حسن کی سگریٹ پیتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔

(جاری ہے)

اس علاقے میں سگریٹ نوشی ممنوع ہے۔ وزیرخارجہ پر ممنوعہ علاقے میں سگریٹ نوشی پرجرمانہ عائد کیا جائے گا۔ وزیرخارجہ کے دفتر کو اس بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔ وزیرخارجہ نے جرم کرنے کی پاداش میں خود جرمانہ عائد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ملائیشیا میں ریسٹورنٹس ایریا اور کھانے پینے کے تمام مقامات پر 2019 سے سگریٹ نوشی کو غیر قانونی قراردیا گیا ہے اور رواں سال اکتوبر میں اقدامات مزید سخت کئے گئے تھے۔