گیس کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت عوام قبول نہیں کرے گی،ثروت اعجاز قادری

جمعرات 19 دسمبر 2024 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 دسمبر2024ء)حکومت نے عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کی تاریخ رقم کر دی ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر انجینئر ثروت اعجاز قادری نے مرکز اہلسنت سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ حکومت آئے روز کسی نہ کسی چیز کی قیمتوں میں اضافہ کرتی رہتی ہے جس کا سارا بوجھ عوام کے ناتوا کندھوں پر آتا ہے۔

گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی 200 فیصد اضافہ کر دیا گیا تھا۔حکمران عوام کا ایک بار پھر معاشی قتل عام کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ایک بار پھر گیس کی قیمت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔گیس کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت عوام قبول نہیں کرے گی۔موجودہ حالات میں عوام مزید کوئی بوجھ اٹھانے کی سکت نہیں رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

ثروت اعجاز قادری کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے حکمران عوام کو نہ کردہ گناہوں کی سزا دینے پر تلے ہوئے ہیں۔

جس محکمے کا دل چاہتا ہے وہ عوام کی گردن پر تلوار رکھ کر اپنی من مانیاں شروع کر دیتا ہے۔ملک میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے مہنگائی کی چکی میں پیسا جا رہا ہے۔عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھانے سے ملک کے حالات بہتر نہیں ہوں گے۔ملک کے حالات کو بہتر کرنے کے لیے بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ اچھی اور دیر پا پالیسیاں بنانے کی ضرورت ہے۔موجودہ حالات میں عوام دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے پریشان ہے۔اس تمام صورتحال میں گیس کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کا گزر بسر کرنا بھی مشکل ہو جائے گا۔کمپنیاں کبھی خسارے میں نہیں ہوتی کمپنیاں حکومت کو خسارہ دکھا کر قیمتیں بڑوا لیتی ہیں۔گھریلو صارفین یا ہوٹل مالکان اور دکاندار پہلے ہی مہنگے داموں ملنے والی گیس استعمال کر رہے ہیں۔