کھیلوں کی ترویج کے لیے ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کا عزم ، کراچی ،لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں موجود سپورٹس کمپلیکس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق فعال کیا جائے،رانا ثناءاللہ کی متعلقہ حکام کو ہدایات

جمعرات 26 دسمبر 2024 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 دسمبر2024ء) کراچی ،لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں موجود سپورٹس کمپلیکس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق فعال کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ نے وزارت بین الصوبائی رابطہ میں سپورٹس پالیسی اور ترقیاتی منصوبوں پر ہونے والے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی ، ایڈیشنل سیکرٹری ظہور احمد اور ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ سمیت وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی ، اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سنیئر حکام نے وفاقی مشیر رانا ثناءاللہ کو سپورٹس پالیسی اور رواں مالی سال کے دوران چلنے والے ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جس پر وفاقی مشیر رانا ثناءاللہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام صوبوں میں موجود سپورٹس کمپلیکس کو مکمل فعال کیا جائے تاکہ وہاں بھرپور سپورٹس سرگرمیاں شروع کی جا سکے اس ضمن میں پاکستان سپورٹس بورڈ فوری طور پر متعلقہ اداروں کو فنڈز مہیا کرے۔

(جاری ہے)

ملک میں فٹبال کے فروغ پر بات کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے سپورٹس بورڈ حکام کو کہا کہ کراچی میں فوری طور پر ایک بین الاقوامی معیار کا فٹبال گراؤنڈ بنانے کے لئے اقدامات کیے جائیں تاکہ انٹرنیشنل لیگز کا انعقاد کیا جا سکے اور انہوں نے کہا کہ پاکستان اسکواش کے میدان میں عالمی چیمپئن رہا ہے انہوں متعلقہ حکام کو کہا کہ پشاور میں سکوائش اکیڈمیز کو فعال کرکے مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائے، ترقیاتی منصوبوں کے تحت بائیو مکینیکل لیب کے قیام سے متعلق رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ اور سٹیٹ آف دی آرٹ ملک میں یہ پہلی لیب ہو گی جو کھلاڑیوں اور اتھلیٹکس کو انکی فٹنس برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ سپورٹس کی دیگر سرگرمیوں میں بھی معاون ہوگی۔

اس موقع پر رانا ثناءاللہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان میں اتھلیٹس کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لیے غیر ملکی کوچز کو ہائر کر رہے ہیں مزید برآں پاکستان کے سات شہروں بشمول واہ کینٹ ،کوئٹہ،پشاور اور مظفر آباد میں سینتھٹک ہاکی ٹرف کی تبدیلی کے منصوبے کو بھی جلد مکمل کررہے ہیں۔