سعودی عرب کی مشہور طائف، الھدی شاہراہ کو طویل عرصے کیلئے بند رکھنے کا اعلان

طائف، الھدی شاہراہ مرمت کے سلسلے میں 2 ماہ کیلئے عام ٹریفک کیلئے بند رہے گی، مسافروں کو متبادل راستہ استعمال کرنے کی ہدایت

muhammad ali محمد علی منگل 31 دسمبر 2024 00:05

سعودی عرب کی مشہور طائف، الھدی شاہراہ کو طویل عرصے کیلئے بند رکھنے ..
طائف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 دسمبر2024ء) سعودی عرب کی مشہور طائف، الھدی شاہراہ کو طویل عرصے کیلئے بند رکھنے کا اعلان، طائف، الھدی شاہراہ مرمت کے سلسلے میں 2 ماہ کیلئے عام ٹریفک کیلئے بند رہے گی، مسافروں کو متبادل راستہ استعمال کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے معروف سیاحتی ریجن طائف کی جانب زمینی سفر کرنے والوں کیلئے اہم خبر سامنے آئی ہے۔

ریجن کی اہم ترین شاہراہ کو کئی ہفتوں کیلئے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی روڈ جنرل اتھارٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے یکم جنوری 2025 سے طائف، الھدی شاہراہ کو 2 ماہ کیلئے بند کر دیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ شاہراہ کو دیکھ بھال کے کام کے باعث 2 ماہ کے عرصہ کیلئے بند رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

طائف، الھدی شاہراہ کی بندش کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ سعودی روڈ اتھارٹی اور طائف کمشنری کے اشتراک سے طائف الھدی جانے والی شاہراہ کو مزید بہتر بنایا جارہا ہے تاکہ لوگوں کو سفر میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

جبکہ سعودی عرب کی روڈ جنرل اتھارٹی نے طائف، الھدی شاہراہ کی بندش کے باعث مسافروں کیلئے متبادل راستہ بھی تجویز کیا ہے۔ سعودی عرب کی روڈ جنرل اتھارٹی نے طائف کا سفر کرنے والے افراد کو ہدایت کی ہے کہ وہ اگلے 2 ماہ کیلئے ’السیل الکبیر‘ کا متبادل راستہ اختیار کریں۔ واضح رہے سعودی عرب کے مشہور طائف ریجن کا سفر کرنے کیلئے 2 راستوں کا استعمال عمل میں لایا جاتا ہے۔

ایک راستہ قدرے دشوار گزار ہے جسے طائف، الھدی شاہراہ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ جبکہ دوسرے راستے کو ’السیل الکبیر‘ کہا جاتا ہے یہ راستہ نسبتاً سیدھا ہے اور عام طور پر ہیوی ٹریفک کے لیے یہ راستہ اختیار کیا جاتا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ طائف، الھدی شاہراہ کی بندش کوئی غیر معمولی اقدام نہیں ہے۔ ہر سال برسات کے موسم میں بھی طائف، الھدی شاہراہ کو عارضی طور بند کیا جاتا ہے۔ بارشوں کے موسم میں اس شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ کی صورت میں بھی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا جاتا ہے۔