Live Updates

ایران کا اپنا جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان

ہم نے اپنے جوہری پروگرام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرلیے ہیں، سربراہ ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم

muhammad ali محمد علی منگل 24 جون 2025 23:14

ایران کا اپنا جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جون2025ء) ایران کا اپنا جوہری پروگرام جاری رکھنے کا اعلان، سربراہ ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم کے مطابق ہم نے اپنے جوہری پروگرام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرلیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اس کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد بھی اس نے اپنے جوہری پروگرام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرلیے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے ضروری اقدامات کر لیے ہیں اور حملوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنصیبات کو دوبارہ فعال کرنے کے منصوبے پہلے سے تیار کرلیے گئے تھے، اور ہماری حکمت عملی یہ ہے کہ پیداوار اور خدمات میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ایران میں سرکاری میڈیا نے پارلیمنٹ میں صدارتی کمیٹی کے رکن روح اللہ متفکر آزاد کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی پارلیمنٹ ایک ایسے مجوزہ قانون پر غور کر رہا ہے جس کے تحت ایران، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای ای) کے ساتھ اپنے تعاون کو معطل کر سکتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہاکہ ہم پارلیمان میں ایک ایسے قانون کی منظوری کے لیے کوشاں ہیں جس کے ذریعے ایران اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون اس وقت تک معطل رہے جب تک ہمیں اس عالمی ادارے کی جانب سے پیشہ ورانہ رویے کی عملی ضمانت نہ مل جائے۔

قالیباف نے مزید کہا کہ تہران کا مقصد جوہری ہتھیار بنانا نہیں ہے۔ ان کے بقول دنیا نے واضح طور پر دیکھا کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے اپنی کسی ذمہ داری کو پورا نہیں کیا، بلکہ یہ ادارہ ایک سیاسی آلہ بن چکا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات