Live Updates

جنگ بندی کی خلاف ورزی پراسرائیل اور ایران دونوں سے خوش نہیں ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ

منگل 24 جون 2025 23:04

جنگ بندی کی خلاف ورزی پراسرائیل اور ایران دونوں سے خوش نہیں ہوں، ڈونلڈ ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل دونوں نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی، جس پر ان سے خوش نہیں ہوں۔ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کو ان حملوں سے شدید دھچکا پہنچا ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اسرائیل اور ایران کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنا انتہائی تشویشناک صورت حال ہے۔

انہوں نے اسرائیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ مجھے یہ ہرگز پسند نہیں آیا کہ اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کے فوراً بعد ہی فضائی حملے شروع کر دیے۔ اسرائیل کو فوری طور پر اپنے پائلٹس واپس بلانے چاہییں، اور بمباری بند کرنی چاہیے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو یہ جنگ بندی کی کھلی خلاف ورزی ہوگی۔ایران کے بارے میں بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی جوہری صلاحیتیں اب مکمل طور پر ختم ہو چکی ہیں، اور وہ دوبارہ کبھی بھی اپنا ایٹمی پروگرام بحال نہیں کر سکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے ایران کی جوہری صلاحیت کو تباہ کیا، مگر میڈیا کی جانب سے اس پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا۔ امریکی صدر نے امریکی نیوز چینل سی این این کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے تنقید کرتے ہوئے مزید کہاکہ سی این این خبروں کے نام پر جھوٹ اور کچرا چلاتا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات