Live Updates

ایران نے میزائل حملوں میں 4 اسرائیلوں کی ہلاکت کے بعد جنگ بندی کے نفاذ کی تصدیق کر دی

منگل 24 جون 2025 18:21

ایران نے میزائل حملوں میں 4 اسرائیلوں کی ہلاکت کے بعد جنگ بندی کے نفاذ ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)ایران نے اسرائیل پر میزائل حملوں کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اعلان کردہ جنگ بندی کے نفاذ کی تصدیق کردی، اس سے قبل ایران کے اسرائیل پر میزائل حملوں میں 4 اسرائیلی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے اسرائیل پر 4 میزائل حملوں کے بعد جنگ بندی کے نفاذ کا اعلان کردیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے جنگ بندی کے نفاذ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فریقین سے خلاف ورزی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔امریکی صدر نے اس سے قبل کہا تھا کہ مرحلہ وار جنگ بندی 24 گھنٹے کا عمل ہوگا، جس کا آغاز منگل کو صبح 4 بجے (جی ایم ٹی) کے قریب ایران کی جانب سے یکطرفہ طور پر تمام فوجی کارروائیاں روکنے سے ہوگا، انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل اس کے 12 گھنٹے بعد جنگی کارروائیاں روک دے گا۔

(جاری ہے)

جنگ بندی کے اعلان کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اسرائیل اور ایران تقریباً ایک ہی وقت میں میرے پاس آئے اور کہاامن!میں جان گیا کہ یہی وہ لمحہ تھا۔صدر ٹرمپ نے کہاکہ دنیااور خاص طور پر مشرقِ وسطیٰ اس کے اصل فاتح ہیں، دونوں ممالک اپنے مستقبل میں بے پناہ محبت، امن اور خوشحالی دیکھیں گے، ان کے پاس حاصل کرنے کے لیے بہت کچھ ہے، اور اگر وہ راست بازی اور سچائی کے راستے سے بھٹک گئے، تو کھونے کے لیے بھی بہت کچھ ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کا مستقبل لامحدود ہے، اور بڑی امیدوں سے بھرا ہوا ہے،خدا آپ دونوں کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات