ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز کا بھکر کا دورہ، نئے کالج کی تعمیر کا جائزہ لیا

بدھ 1 جنوری 2025 12:12

بھکر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جنوری2025ء) ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر ناہید نے بھکر کے دورے کے دوران کالجز کی ترقی اور طلبہ کی تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بھکر کے طلبہ نہایت باصلاحیت ہیں اور ان کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے کالجز کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے جدید تدریسی مہارتوں کو اپنایا جائے۔

پروفیسر ڈاکٹر ناہید نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج بھکر میں منعقدہ ضلع بھر کے پرنسپلز کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالجز میں کوالٹی آف ایجوکیشن کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریز کو مزید فعال کیا جائے تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز نے کالجز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے یہ اقدامات مستقبل میں نمایاں نتائج فراہم کریں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر ناہید نے کہا کہ جدید تعلیمی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے طلبہ کو بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے پرنسپلز اور دیگر افسران کو ہدایت کی کہ طلبہ کے تعلیمی مسائل کے حل کے لیے خصوصی توجہ دی جائے۔ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز نے ضلع بھکر میں زیرِ تعمیر تین نئے کالجزگورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین دلکشا،گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج برائے خواتین رضائی شاہ جنوبی (لپی)،گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج گوہر والاکا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور ہر صورت میں جنوری 2025 تک ان کالجز کی تعمیر مکمل کی جائے تاکہ آئندہ تعلیمی سیشن میں کلاسز کا آغاز ممکن ہو سکے۔ڈائریکٹر کالجز نے مختلف ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا اور متعلقہ ٹھیکیداران اور افسران کو منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے محکمے کے زیرِ نگرانی جاری سکیموں کے بروقت ہینڈ اوور کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز بھکر پروفیسر ناظم حسین جھمٹ، پراجیکٹ ڈائریکٹر گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج رضائی شاہ جنوبی پروفیسر نعیم الحق چوہدری، ایس ڈی او بلڈنگ، حارث بن طارق ،پروفیسر عبدالعزیز انجم، ملک محمد اکرم ، سید نوید حسین شاہ ،ٹھیکیداران اور دیگر اہم شخصیات بھی ہمراہ تھیں۔

متعلقہ عنوان :