پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لاہور میں بڑا چھاپہ

5300سو لیٹر کولڈ ڈرنکس، 2500لٹر جوس، 600لٹر پیک دودھ اور 1من سے زائد جعلی اشیا تلف

جمعرات 2 جنوری 2025 17:03

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا لاہور میں بڑا چھاپہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جنوری2025ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی سالِ نو میں جعلسازی کا ہر حربہ ناکام بنانے کے لیے ان ایکشن ، ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور میں بڑا چھاپہ مار کر 5300سو لیٹر کولڈ ڈرنکس، 2500لٹر جوس، 600لٹر پیک دودھ اور 1من سے زائد جعلی اشیا تلف کر دیں ، جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے پر یونٹ مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ یونٹ میں مختلف برانڈز کی جعلی اشیا کی تیاری کی جارہی تھی، جعلی ناقص کولڈ ڈرنکس، جوس، میٹھا دودھ، چیونگم اور مختلف کی پیکنگ کی جارہی تھی۔ یونٹ سے برآمد شدہ تمام ایکسپائر خام مال ضبط کر لیا گیا۔ انہوںنے بتایا کہ بغیر منظور شدہ فارمولا کولڈ ڈرنکس اور جوس تیار کیے جا رہے تھے، مختلف ممنوعہ کیمیکلز اور اجزا کی ملاوٹ سے چیونگم اور سنیکس تیار کیے جا رہے تھے، یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، اشیا کی تیاری زمین پر کی جارہی تھی۔

(جاری ہے)

خوراک کا کاروبار بغیر فوڈ اتھارٹی لائسنس چھپ کر کیا جارہا تھا۔ ویجیلنس ٹیم کی ریکی کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ جعلی کولڈ ڈرنکس اور جوسز کا استعمال گردے اور جگر کو متاثر کرسکتا ہے، خوراک کے نام پر جعلی کاروبار کرنے والوں کو ہر صورت پنجاب سے نکال بھگائیں گے۔پنجاب بھر سے صحت دشمن عناصر کا ہر حربہ ناکام بنا کر قلع قمع کیا جائے گا۔