ریسکیو1122 مظفرگڑھ نے 71223 ایمرجنسز پر رسپانس کیا ، سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری

جمعہ 3 جنوری 2025 14:52

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2025ء) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظفرگڑھ انجنیئر علی حسنین نے گزشتہ سال (2024) میں پیش آنے والے حادثات کے بارے رپورٹ جاری کر دی ہے۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق انہوں نے بتایا ہے کہ سال 2024 کے دوران ریسکیو کنٹرول روم مظفرگڑھ میں 351139 کالز موصول ہوئیں جن میں سے 71223 حقیقی ایمرجنسی کالز تھیں۔ریسکیو 1122 مظفرگڑھ کا سال بھر کا اوسط رسپانس ٹائم 6.8 منٹ رہا۔

ریسکیو1122 مظفرگڑھ نے 71223 ایمرجنسز پر رسپانس کیا جن میں سے 10094 روڈ ٹریفک حادثات، 55119 میڈیکل ایمرجنسیز، 335 فائر ایمرجنسز، 887 کرائم، 20 ڈوبنے کی ایمرجنسیز، 25 عمارتوں کے گرنے اور 4743 دیگر ایمرجنسیز شامل ہیں،ریسکیو 1122 نے ان تمام ایمرجنسیز پر رسپانس کرتے ہوئے 71248 افراد کو ریسکیو کیاجن میں 31611 افراد کو موقع پر فرسٹ ایڈ فراہم کی گئی اور 38764 افراد کو فرسٹ ایڈ دیتے ہوئے ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 857 افراد موقع پر ہی جانبحق ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نئے سال 2025 کے حوالہ سے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایات پر اس نئے سال میں سیفٹی پر کام کرتے ہوئے عوام میں آگاہی پیدا کی جائے گی تاکہ حادثات کا تدارک ممکن ہو سکے۔انہوں نے بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات پر نہایت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اپنے شہریوں سے درخواست ہے کہ دوران دھند غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دوران سفر سامنے والی گاڑی سے محفوظ فاصلے پر رہیں، فوگ لائٹس اور سیٹ بیلٹ کا استعمال ضرور کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، انکا کہنا تھا کہ ٹریفک حادثات میں زیادہ تعداد موٹر سائیکل کے حادثات کی ہے جسکی بڑی وجوہات میں کم عمر بچوں کا موٹر سائیکل چلانا، تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور دوران ڈرائیونگ ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 جان بچانے والا ادارہ ہے جو بلا تفریق و بلا تاخیر لوگوں کو ایمرجنسی سہولت میسر کرتا ہے لہزا زمہ دار شہری کا ثبوت دیتے ہوئے ریسکیو ایمبولینسز کو فوری راستہ دیں تاکہ بر وقت جائے حادثہ پر پہنچ کر ضرورت مند لوگوں کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔

\378