ڈپٹی کمشنر جامشورو کی زیر صدارت حضرت لال شہباز قلندر کے عرس مبارک کے انتظامات بارے جائزہ اجلاس کا انعقاد

منگل 7 جنوری 2025 19:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2025ء) ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر قادری کی زیر صدارت 18 سے 20 فروری2025 ءتک جاری رہنے والے حضرت لال شہباز قلندر کے سہ روزہ 773ویں عرس مبارک کے انتظامات سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔دربار ہال جامشورو میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جامشورو غضنفر علی قادری نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ عرس مبارک کے دوران زائرین کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی لاکھوں زائرین کی آمد متوقع ہے جن کی دیکھ بھال ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنا اپنا کانٹیجنسی پلان تشکیل دے کر ڈی سی آفس جامشورو میں جمع کروائیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ایس ایس پی جامشورو کو ہدایت کی کہ وہ عرس مبارک دوران فول پروف سکیورٹی کی فراہمی کیلئے موثر اقدامات کریں ۔

اجلاس میں عرس کے دوران بہترین انتظامات کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں متعلقہ محکموں پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ اجلاس میں ایس ایس پی جامشورو محمد ظفر صدیق چھانگا، چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ارشاد علی سموں، ڈائریکٹر کلچر شیر محمد مہر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور الدین ہنگورجو، ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سیہون ڈاکٹر معین الدین صدیقی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر عالمگیر رانجھانی، ڈی آئی بی انچارج جامشورو مخدوم عبدالجلیل عباسی، رینجرز، پولیس، اسپیشل برانچ، ثقافت، این ایچ اے، ایریگیشن، اسپورٹس، حیسکو، لوکل گورنمنٹ سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔