جماعت اسلامی خیبرپختونخوا جنوبی کی تنظیم نو مکمل، ظہور خٹک سیکرٹری جنرل، تسلیم اقبال، عزیز اللہ خان و سلیم اللہ ارشد نائب امرا مقرر

بدھ 8 جنوری 2025 21:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جنوری2025ء) جماعت اسلامی خیبرپختونخوا جنوبی کی تنظیم نو مکمل کرلی گئی، محمد ظہور خٹک صوبائی سیکرٹری جنرل، مولانا تسلیم اقبال، عزیز اللہ خان مروت اور سلیم اللہ ارشد نائب امرا مقرر کردیئے گئے۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ روز دارالعلوم الاسلامیہ بنوں میں صوبائی مجلسِ شوریٰ کا اجلاس میں منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے صوبے کے عوام کے ساتھ ظلم کیا،حکومت نے بلدیاتی نظام کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیاہے، بلدیاتی انتخابات میں ضلعی نظام کو ختم کردیا گیا اور اس کی جگہ تحصیل کا نظام رائج کر دیا، صوبائی حکومت کا فیصلہ بدنیتی پر مبنی تھا۔

گزشتہ تین سال سے منتخب بلدیاتی نمائندے اختیارات اور فنڈز سے محروم ہیں، صوبائی حکومت نے گزشتہ تین سالوں سے اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے میئرز، تحصیل چیئرمین اور منتخب بلدیاتی نمائندوں کے فنڈز روک کر انہیں دیوار سے لگانے کی شرمناک پالیسی اپنائی ہوئی ہے، صوبائی حکومت ہوش کے ناخن لے اور فی الفور فنڈز جاری کرے،بصورت دیگر صوبائی حکومت کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے۔