یو ای ٹی لاہور میں ایم ایس سی ہائیڈرو پاور انجینئرنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب

چیئرمین واپڈا سجاد غنی کی خصوصی شرکت،واپڈا کے 25افسران یو ای ٹی سے اپنی ایم ایس سی کی تعلیم حاصل کریں گے

جمعرات 9 جنوری 2025 23:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سینٹر آف ایکسیلنس ان واٹر ریسورسز انجینئرنگ میں ایم ایس سی ہائیڈرو پاور انجینئرنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر اور مہمان خصوصی چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے پروگرام کا افتتاح کیا۔

ایم ایس سی ہائیڈرو پاور انجینئرنگ پروگرام کے تحت واپڈا کے 25افسران یو ای ٹی سے اپنی ایم ایس سی کی تعلیم حاصل کریں گے۔ جس سے واپڈا کے ملازمین ہائیڈرو پاور میں نئی مہارتیں حاصل کریں گے ۔ واپڈا اور یو ای ٹی کے مابین اشتراک کا مقصد واپڈا کے ملازمین کی مہارت اور علم کو بڑھانا ہے، جس سے ادارے کی ترقی اور کامیابی میں معاونت ہوگی۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب کے بعد چیئرمین واپڈا نے وائس چانسلر اور دیگر فیکلٹی ممبران کے ہمراہ یو ای ٹی میں سپارکو اور نینو ٹیکنالوجی لیبز کا دورہ کیا۔

چیئرمین واپڈا نے یو ای ٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیبزاور جدید مشینری کے استعمال کو سراہا۔ افتتاحی تقریب میں پرو وی سی ڈاکٹر ناصر حیات،چیئرمین واٹر ایکسیلنس،ڈینز اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان شریک تھے۔ چیئرمین واپڈا نے زیر تعمیرڈیمز اور اس میں ہائیڈرو پاور کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انکا کہنا تھا کہ ہائیڈروپاور انجینئرنگ پروگرام میں زیر تعلیم طلبا کی بدولت بجلی کے بحران میں واضح کمی آئے گی۔یو ای ٹی کے انجینیئر کا پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے امید ہے ڈاکٹر شاہد منیر کی قیادت میں یہ سلسلہ مزید آگے بڑھے گا۔ انہوں نے یو ای ٹی کے استحکام میں ڈاکٹر شاہد منیر کے ویژن اور اقدامات کو بھی سراہا۔