علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ''اسلامی تحقیق کے جدید رجحانات'' پرفیکلٹی سیمینار

جمعہ 10 جنوری 2025 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ''اسلامی تحقیق کے جدید رجحانات'' پر گذشتہ روز فیکلٹی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں شعبہ اسلامی فکر و ثقافت،نمل یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر مستفیض احمد علوی نے بطور کلیدی مقرر شرکت کی جبکہ ڈین کلیہ عربی و علوم اسلامیہ، پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے صدارت کے فرائض انجام دیئے۔

پروفیسرڈاکٹر مستفیض احمد علوی نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ ہماری تحقیق ماضی سے سبق لیتی ہے جو کہ درست نہیں ماضی سے روشنی ضرور لیں مگر روشنائی نہ لیں۔تحقیق کا مقصد ماضی نہیں بلکہ حال اور مستقبل ہونا چاہئے دور حاضر کے تقاضوں کا مدنظر رکھ کر تحقیق کے موضوعات کا انتخاب کریں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرمستفیض احمد علوی نے مزید کہا کہ عصر حاضر میں مغرب عقلی دلائل سے روحانیت کی طرف پلٹ رہا ہے،ماڈرن ازم میں جدید سائنس اور جدید فلسفے کا چیلنج سامنے آیا ہے۔

اس موقع پرڈین کلیہ عربی و علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محی الدین ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں تحقیق میں مناظرے کی بجائے غیر جانبدارانہ مزاج کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ قرآن مجید میں کئی مقامات پرتحقیق کی دعوت موجود ہے، تحقیق کا عمل عالمگیر عمل ہے ا ور یہ سائنسی اور عالمی اصولوں پر مبنی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اجتہاد اور تحقیق سے نیا علم تخلیق ہوتا ہے جس کی وجہ سے قومیں ترقی پاتی ہیں۔

چیئرمین شعبہ مطالعات بین المذاہب ڈاکٹر غلام شمس الرحمان نے ابتدائی و اختتامی کلمات میں مقررین کی آمد و خطاب پر ان کاشکریہ ادا کیا۔سیمینار کی نظامت کے فرائض شعبہ مطالعات بین المذاہب سے ڈاکٹر محمد فاروق عبداللہ نے سرانجام دئے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے اساتذہ طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔