سندھ زرعی یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کی چار سالہ خدمات اور کارکردگی کے اعتراف میں تقریب

منگل 14 جنوری 2025 16:47

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2025ء) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر کی میزبانی میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کی چار سالہ خدمات اور کارکردگی کے اعتراف میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ پاکستان دنیا کے تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی والے ممالک میں شامل ہے، اور مستقبل میں ورچوئل ٹریڈ میں پاکستان کا عالمی معیشت میں اہم حصہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی اور آئی ٹی سے منسلک خدمات کی برآمدات مالی سال 2023-24 میں 3.2 بلین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں، جو آئی ٹی کے شعبے کی معاشی ترقی میں اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ڈاکٹر فتح مری نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ سندھ زرعی یونیورسٹی کے طلبہ نے ملکی اور علاقائی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، جو یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی اور آئی ٹی تعلیم میں اعلیٰ معیار کی عکاسی کرتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے دورِ قیادت میں یونیورسٹی کو مالی بحران سے نکالنے اور تدریسی معیار کو بلند کرنے کی بھرپور کوشش کی، جس کے نتیجے میں ادارے کی ساکھ بہتر ہوئی۔سندھ زرعی یونیورسٹی کےقائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ یونیورسٹی میں تدریس اور تحقیق کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور میرٹ کو فوقیت دی جائے۔

انہوں نے ڈاکٹر فتح مری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں یونیورسٹی نے تدریس، تحقیق، اور مختلف اداروں کے ساتھ لنکیجز کو فروغ دیا، جس سے یونیورسٹی کا شمار ملک کی بڑی جامعات میں ہونے لگا۔عمرکوٹ سب کیمپس کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر جان محمد مری نے ڈاکٹر فتح مری کی خدمات کو قابل ستائش قرار دیا اور کہا کہ ان کی رہنمائی میں سب کیمپس نے نمایاں ترقی کی۔

اس موقع پر آئی ٹی سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر میر سجاد ٹالپر نے کہا کہ ڈاکٹر فتح مری کی قیادت میں آئی ٹی سینٹر نے ملکی و عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کیں۔تقریب سے ڈاکٹر مبینہ پٹھان، ڈاکٹر محمد یعقوب کوندھر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے مختلف کلیات کے ڈینز، تدریسی و انتظامی شعبوں کے سربراہان، اساتذہ، اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔