نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پروازوں کے باقاعدہ آغاز کی حتمی تاریخ کا اعلان

ابتدائی طور پر قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پروازیں چلا کر نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو آپریشنل کیا جائے گا

muhammad ali محمد علی جمعرات 16 جنوری 2025 19:24

نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پروازوں کے باقاعدہ آغاز کی حتمی تاریخ ..
گوادر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جنوری 2025ء) نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پروازوں کے باقاعدہ آغاز کی حتمی تاریخ کا اعلان ، ابتدائی طور پر قومی ائیرلائن فلائٹ آپریشن شروع کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق متعدد اعلانات کے باوجود شہباز شریف حکومت گوادر میں تعمیر ہونے والے ملک کے سب سے بڑے اور سب سے جدید ائیرپورٹ کو تاحال آپریشن نہ کر سکی۔

متعدد مرتبہ گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر مکمل ہونے والے ائیرپورٹ کے فلائٹ آپریشن کو شروع کرنے کے اعلانات کیے گئے، تاہم ہر اعلان کردہ تاریخ کی آمد پر ائیرپورٹ کو آپریشنل کرنے کی ایک نئی تاریخ دے دی گئی۔ تاہم اب گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے جلد آپریشنل ہو جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو آپریشنل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹم بھی جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

نوٹم کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ 20 جنوری سے پروازوں کے لیے آپریشنل ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ ماضی کے اعلانات کے برعکس، اس مرتبہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے باقاعدہ نوٹم جاری کرکے تمام ائیرلائنز کو ائیرپورٹ آپریشنل کرنے سے متعلق آگاہ کر دیا۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایرپورٹ کے حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کا یہ باضابطہ طور پہلا تحریری نوٹم ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر پی آئی اے کی پروازیں چلا کر نیو گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو آپریشنل کیا جائے گا۔ جبکہ ملکی اور غیر ملکی ائیرلائنز نے بھی نیو گوادر انٹرنیشنل ایرپورٹ پر پروازیں چلانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ نیو گوادر انٹر نیشنل ائیر پورٹ چین کے امدادی گرانٹ سے بین الاقوامی معیار کے مطابق 66 ارب روپے کی لاگت سے گزشتہ سال مکمل ہوا تھا جس کا افتتاح بھی گزشتہ سال اسلام آباد میں چین کے وزیر اعظم کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے کیا تھا۔