پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچہ کریمنلز کی خلاف بڑی کامیابی

کچہ ماچھکہ پولیس مقابلہ کے دوران شر اور اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو ہلاک، کلاشنکوف سینکڑوں گولیاں برآمد

اتوار 19 جنوری 2025 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2025ء)پنجاب پولیس رحیم یار خان کی کچہ کریمنلز کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں جس کے تسلسل میں کچہ ماچھکہ پولیس مقابلہ کے دوران شر اور اندھڑ گینگ کا خطرناک ڈاکو ہلاک، کلاشنکوف اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ہلاک ڈاکو کی شناخت بشیر عرف بشو شر کے نام سے ہوئی ہے۔

ہلاک ڈاکو ظاہر پیر میں 04 معصوم شہریوں کے قتل ، سانحہ ماچھکہ میں 12 جبکہ 2023 میں 03 پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث تھا۔ ہلاک ڈاکو پولیس پر فائرنگ، اغوا برائے تاوان، قتل اور ڈکیتی جیسے متعدد سنگین مقدمات میں بھی پولیس کو مطلوب تھا۔ یاد رہے ہلاک ڈاکو نے گذشتہ دنوں پولیس پرحملوں کی دھمکی آمیز ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل کی تھی۔

(جاری ہے)

ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ رحیم یار خان پولیس نے شر اور اندھڑ گینگ کی علاقے میں بڑی واردات کی خفیہ اطلاع پر بچا بند ماچھکہ سوترکی کے مقام پر ناکہ بندی کر رکھی تھی۔

ڈاکوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ کر دی، بھرپور جوابی کارروائی میں خطرناک ڈاکو بشیر عرف بشو شر کیفر کردار تک پہنچا جبکہ دیگر ساتھی فرار ہو گئے۔ڈاکوں کے حملے میں پولیس کے تمام جوان محفوظ رہے۔ پولیس آپریشن میں ڈی ایس پی بھونگ، ایس ایچ او ماچھکہ اورایلیٹ ٹیموں سمیت پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔ پولیس کو بکتر بند گاڑیوں اور دور مار بھاری ہتھیاروں کی مدد حاصل تھی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کاروائی پر ڈی پی او رضوان عمر گوندل اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔