پیپلز پارٹی تمام زبانیں بولنے والوں کا خوبصورت گلدستہ ہے ،ہمیشہ بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کی ،شہلارضا ء

بدھ 22 جنوری 2025 23:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما ورکن قومی اسمبلی شہلارضا نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام زبانیں بولنے والوں کا ایک خوبصورت گلدستہ ہے اورپارٹی نے ہمیشہ بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کی ہے،ہزارہ قوم کی پاکستان اور ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے قربانیوں سے انکار ممکن نہیں ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنما انجینئر ہادی عسکری ،ملک عیسیٰ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے انجینئر ہادی عسکری نے کہا رکن قومی اسمبلی سیدہ شہلا رضا پاکستان پیپلز پارٹی میں اور ایوان میں ملت جعفریہ کا ایک توانا آواز ہے ہم ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ ہزارہ قوم کے قتل عام ہو یا پارچنار میں خوارج کی طرف سے بے گناہ عوام کی قتل عام ہو سب سے پہلے سیدہ شہلا رضا نے مختلف نیوز چینلز اور ایوان میں آواز اٹھائی ہے۔

(جاری ہے)

لہذا ایک مذہبی سیاسی جماعت کے چند لوگوں کے جانب سے سیدہ شہلا رضا کے خلاف بیانات اور سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چلانے کی ہم مذمت کرتے ہیں۔رکن قومی اسمبلی شہلا رضا نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں کی دن رات محنت کی بدولت پارٹی نے بلوچستان سمیت دیگر صوبوں میں عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اورپیپلزپارٹی ایک بڑی پارلیمانی جماعت بن کرسامنے آئی اور پیپلز پارٹی نے بلوچستان اور سندھ میں حکومتیں بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صدر مملکت آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کی بلا رنگ و نسل خدمت کر رہی ہے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم اور اہل تشیع کی پاکستان کیلئے قربانیوں سے انکار ممکن نہیں ہے گزشتہ دنوں کرم کی صورتحال کے بارے میں انکے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نفرتوں اور تعصب کے خاتمے پر یقین رکھتی ہے پاکستان میں بسنے والی تمام اقوام ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔