سابق وزیر اعلی بلوچستان میر محمد نصیر احمد مینگل ڈپٹی چئیرمین سینٹ سیدال خان ناصر کی ملاقات

جمعہ 24 جنوری 2025 22:30

)اسلام آباد / کوئٹہ (آن لائن) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی سیاسی قیادت اور اکابرین کی جمہوری اور سیاسی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے روشن مستقبل کی جانب جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی سینئر نائب صدر سابق وزیر اعلی بلوچستان میر محمد نصیر احمد مینگل سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر جمعیت علماء اسلام کے رکن قومی اسمبلی میر عثمان بادینی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعلی بلوچستان مسلم لیگ ق کے مرکزی سینئر نائب صدر میر محمد نصیر مینگل کی ڈپٹی چئیرمین سینٹ سیدال خان ناصر اور جمعیت علما اسلام کے بلوچستان سے رکن قومی اسمبلی میر عثمان بادینی سے تفصیلی ملاقات میں ملک کی سیاسی و مجموعی صورتحال سمیت بلوچستان کے حالیہ منظر نامہ پر تبادلہ خیال کیا گیاسابق وزیر اعلی بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کئی دہائیوں سے جاری شورش کشیدگی اور غیر یقینی صورتحال کے پیچھے بیرونی طاقتوں کی سازشوں کو بیڈ گورننس، کرپشن، فیوڈلزم اور مفادپرستانہ رویوں نے دوام بخشا ہے جس سے براہ راست بلوچستان کے غیور عوام پے در پے محرومیوں اور مسائل کا شکار ہوئے ہیںان کا مزید کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ خوشحال بلوچستان اور مستحکم پاکستان کیلئے بلوچستان کی سیاسی قیادت اتفاق رائے سے حقیقی مسائل کا حل تلاش کریں ڈپٹی چئیرمین سینٹ سیدال خان ناصر اور رکن قومی اسمبلی میر عثمان بادینی نے سابق وزیر اعلی کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مخلص اور سینئر قیادت کی خدمات و تجربات سے فائدہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ انکی شاندار جمہوری و سیاسی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے روشن مستقبل کی جانب جدوجہد کی ضرورت ہے تاکہ معاشرتی اقدار کو بہتر بنانے اور مسائل سے نجات حاصل کی جاسکے۔