Live Updates

علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ رہیں گے ہٹانے کی فی الحال کوئی بات نہیں ہے

علی امین کی بانی سے ملاقات بھی ہوئی ہے، اس وقت بڑے چیلنجز ہیں، نیا صوبائی صدر دیگر پارٹیعہدوں میں تبدیلی کرے گا، میرا کوئی گروپ نہیں ہے میں عمران خان کے گروپ میں ہوں،سابق اسپیکر اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 27 جنوری 2025 21:03

علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ رہیں گے ہٹانے کی فی الحال کوئی بات نہیں ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 27 جنوری 2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ علی امین وزیراعلیٰ رہیں گے ہٹانے کی فی الحال کوئی بات نہیں ہے،اس وقت بڑے چیلنجز ہیں، ان کی بانی سے ملاقات بھی ہوئی ہے، نیا صوبائی صدر دیگر پارٹیعہدوں میں تبدیلی کرے گا، میرا کوئی گروپ نہیں ہے میں عمران خان کے گروپ میں ہوں۔

انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں پارٹی کا منتخب صوبائی صدر تھا، لیکن جب اسپیکر بنا کہا گیا سرکاری اور پارٹی عہدوں کو الگ ہونا چاہیئے،میں نے ڈیڑھ سال بعد پارٹی عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ پرویزخٹک سیکرٹری جنرل تھے انہوں نے بھی استعفیٰ دیا اوران کی جگہ جہانگیرترین اور میری جگہ اعظم سواتی صوبائی صدر بن گئے۔

(جاری ہے)

علی امین وزیراعلیٰ رہیں گے ایسی فی الحال کوئی بات نہیں ہے، ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات بھی ہوئی ہے، اس وقت بڑے چیلنجز ہیں، میرا کوئی گروپ نہیں ہے میں عمران خان کے گروپ میں ہوں، عمران خان ہی پی ٹی آئی ہیں۔ جنید اکبر اور میرا بھائی دونوں کلاس فیلو ہیں، پشاور یونیورسٹی میں ایک ساتھ پڑھتے تھے۔ بشریٰ بی بی ایک گھریلو خاتون ہیں ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، جب صورتحال بن جاتی ہے تو پھر اپنے حق کیلئے اور شوہر کیلئے آواز اٹھانا ان کی ذمہ داری تھی۔

میرا عمران خان کے ساتھ چھوٹے اور بڑے بھائی ہے، زندگی کے 29سال عمران خان کو دیئے ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں کوئی کرپشن نہیں ہورہی، کرپشن پر عمران خان کی زیروٹالرنس ہے، اگر کرپشن ہورہی ہے تو ثبوت سامنے لائے جائیں۔ عاطف خان کو جو نوٹس گئے ہیں وہ پرانے ہیں۔ یہ کیسز عبوری حکومت کے دور کے ہیں۔کرپشن کے خلاف پی ٹی آئی کی سخت پوزیشن ہے، اگر کوئی کرپشن کرتا ہے تو قانون کے مطابق سخت کاروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کا نیا صدر اب پارٹی کے دیگر عہدوں میں بھی تبدیلی کرے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات