یونیورسٹی آف سرگودھا میں تحقیق میں اے آئی ٹولزاستعمال کرنے کے لیے درکار مہارتوں پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ

جمعہ 31 جنوری 2025 18:38

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں وزیرآغا لائبریری کے زیرِ اہتمام تحقیق میں اے آئی ٹولزاستعمال کرنے کے لیے درکار مہارتوں پر ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں مختلف شعبہ جات سے 45 فیکلٹی ممبران نے شرکت کی جبکہ ورکشاپ کے ذریعے تعلیمی و تحقیقی مقاصد کے لیے مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال پر تربیت فراہم کی گئی۔

ورکشاپ کے دوران اسسٹنٹ پروفیسر، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر محمد شیر باز علی نے بطور ماہر تربیت فراہم کی۔ انہوں نے شرکاء کو اے آئی کی مدد سے تحقیقی مواد بالخصوص تحقیقی خاکہ ، لٹریچر ریویو، تحقیقی ڈیزائن، معیاری و مقداری ڈیٹا کے تجزیے، رپورٹ تحریر کرنے اور حوالہ جات کے انتظام جیسے اہم پہلوؤں پر عملی تربیت دی۔

(جاری ہے)

ورکشاپ کے دوران شرکاء کو چیٹ جی پی ٹی کے مختلف ماڈلز، چیٹ جی پی ٹی استعمال کر تے ہوئے پروجیکٹ ڈویلپمنٹ اور چیٹ جی پی ٹی کو تحقیقی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف لائبریرین ڈاکٹر محمد آصف نویدنے کہا کہ یہ ورکشاپ تحقیق میں مصنوعی ذہانت کے عملی اطلاق کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ جدید اے آئی ٹولز سے فیکلٹی ممبران کو لیس کر کے، ہم ایک مؤثر اور مستقبل کے لیے تیار تحقیقی نظام تشکیل دے رہے ہیں۔ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے ورکشاپ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے یونیورسٹی اور لائبریری انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کی اور اسے تعلیمی میدان میں ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :