سرمائی سیاحت کے دلدادہ سیاح ملک کے شمالی علاقہ جات کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، رپورٹ

ہفتہ 1 فروری 2025 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2025ء) ملک کے شمالی علاقوں میں برفباری کے موسم میں برف کی سفید چادر اوڑھے مالم جبہ، مری، ہنزہ، ناران کاغان اور دیگر قصبے سیاحوں کے لیے سرفہرست ہیں۔ موسم سرما کا جادوئی سفر، برف باری نے ان علاقوں کو برف سے ڈھکے پہاڑوں کی پریوں کی کہانی میں بدل دیا ہے۔ پی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں زبردست برف باری ہوئی ہے اور ملک بھر سے اور بیرون ملک سے سیاحوں کی بڑی تعداد میں شمالی عاقہ جات میں آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

مالم جبہ کے حوالہ سے رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ علاقہ حیران کن طور پر 2 سے 5 فٹ برف سے ڈھکا ہوا ہے، جس نے اسے سنسنی کے متلاشیوں اور سرمائی کھیلوں کے شوقین افراد کے لیے جنت میں تبدیل کر دیا ہے ۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) نے سیاحوں کی آمد کے پیش نظر عارضی ہوٹل اور ریستوران بھی قائم کیے ہیں۔ مقامی معیشت بھی عروج پر ہے، دکانداروں اور ہوٹلوں کے مالکان کے کاروبار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پی ٹی ڈی سی نے سیاحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں سفر کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔