پنجاب یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ کھیلوں اور فیملی فیسٹیول کاانعقاد

ہفتہ 1 فروری 2025 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2025ء)پنجاب یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ہیلی کالج آف کامرس کی گراؤنڈ میں سالانہ سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، پرنسپل ہیلی کالج آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر حافظ ظفر احمد، رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر محمد شبیر سرور،صدر پنجاب یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ڈاکٹر توقیر علی، جنرل سیکرٹری رانا مظفر علی،سپورٹس فیسٹیول کوآرڈینیٹرملک سرفرازخالد و دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔

فیسٹیول میں افسران کے درمیان کرکٹ، ٹگ آف وار اور ایتھلیٹکس کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیاجبکہ کرکٹ مقابلوں میں رجسٹرار ٹائیگر، اولڈ کیمپس تھنڈر، کنٹرولر بادشاہ اور آئی ٹی ایگل کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

(جاری ہے)

اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ کھیل جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔

صدرپنجاب یونیورسٹی آفیسرز ایسو سی ایشن ڈاکٹر توقیر علی نے کہا کہ یونیورسٹی کے افسران دن رات محنت کرتے ہیں جبکہ سپورٹس فیسٹیول انہیں تفریح کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے تقریب میں شرکت کرنے پر وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی و دیگرشرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ فیسٹیول میں افسران کے اہل خانہ اور بچوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر کھانے پینے کے سٹالز بھی لگائے گئے۔ تقریب میں بچوں کے درمیان رسہ کشی کا مقابلہ کروایا گیا۔