شہید صحافی محمد افضل خواجہ کی گیارویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی

ہفتہ 1 فروری 2025 22:39

اوستہ محمد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2025ء)شہید صحافی محمد افضل خواجہ کی گیارویں برسی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔برسی کے موقع پر خواجہ ہاوس اوستہ محمد میں خیرات فی سبیل اللہ کا اہتمام کیا گیا اور قرآن خوانی بھی کرائی گئی۔اس موقع پر صحافی برادری نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ سال گزر جانے کے باوجود شہید صحافی محمد افضل خواجہ کے قاتل گرفتار نہ ہو سکے نہ ہی ان کے ورثاء کو حکومت بلوچستان کی جانب سے اعلان کردہ معاوضہ دیا گیا۔

اوستہ محمد کی صحافی براددی نے کہا کہ شہید صحافی محمد افضل خواجہ کو گیارہ سال قبل کیٹل فارم کے مقام پر افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر کے انہیں شہید کر دیا تھا۔جس کے بعد نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل خان بزنجو نے اوستہ محمد پریس کلب(رجسٹرڈ) میں آکر تعزیت کے موقع پر ورثاء اور صحافی برادری سے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور معاوضہ دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اس کے بعد سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے بھی جعفرآباد کے دورے کے موقع پر بھی قاتلوں کی گرفتاری اور ورثاء کو معاوضہ دینے کا بھی اعلان کیا تھا مگر افسوس گیارہ سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود وعدہ وفا نہ ہو سکا۔نہ شہید صحافی افضل خواجہ کے قاتل گرفتار ہوئے نہ ہی ان کے ورثاء کو تاحال معاوضہ دیا گیا۔شہید کے ورثاء میر حاصل خان بزنجو اور اس وقت کے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے اعلانات کے بعد سی ایم سیکریڑیٹ اور سول سیکریٹریٹ کے چکر کاٹ کاٹ کر مایوس ہو کر گھر بیٹھ گئے۔

صحافی برادری نیوزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی سے مطالبہ کیا کہ اوستہ محمد کے سینئر صحافی شہید محمد افضل لواجہ کے قاتلوں کو گرفتار کیا جائے اور ان کے ورثاء کو معاوضہ بھی دیا جائے۔