حافظ آباد میں دھند کے باعث تیز رفتار کار کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق

گوجرانوالا سے روالپنڈی جانے والی کار دھند کے باعث جلال پور بھٹیاں میں مراد اصغر چوک میں بنی رکاوٹ سے جا ٹکرائی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 2 فروری 2025 10:58

حافظ آباد میں دھند کے باعث تیز رفتار کار کو حادثہ، 5 افراد جاں بحق
حافظ آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری 2025ء ) صوبہ پنجاب کے علاقہ حافظ آباد میں دھند کے باعث تیز رفتار کار کو حادثہ پیش آنے سے 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ حافظ آباد کے نواحی قصبہ جلالپور میں دھند اور تیز رفتاری کے باعث پیش آیا جہاں گوجرانوالا سے روالپنڈی جانے والی کار دھند کے باعث جلال پور بھٹیاں میں مراد اصغر چوک میں بنی رکاوٹ سے جا ٹکرائی۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 3 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے اور 4 افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منقتل کیا گیا جہاں مزید 2 افراد کا انتقال ہوگیا، زخمی افراد کو ریسکیو 1122نے ٹراما سینٹر اور لاشوں کو آر ایچ سی جلال پور بھٹیاں منتقل کیا، مرنے والوں میں ایک شخص کی شناخت اللہ دتہ کے نام سے ہوئی جو چینیوٹ کا رہائشی ہے جب کہ زخمیوں میں عرفان، رشید، کاشف اور قاسم شامل ہیں حادثے کا شکار تمام افراد کا تعلق راولپنڈی سے ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں ایک بار پھر دھند نے ڈیرے ڈال لیے، حد نگاہ کم ہونے پر موٹروے کو مختلف مقامات سے بند رکھا گیا جبکہ فلائٹ شیڈول بھی متاثر رہا، حد نگاہ انتہائی کم دھند کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات سے بند رکھا گیا، موٹروے ایم 3 فیض پور سے ننکانہ صاحب، لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11، موٹروے ایم 2 کو لاہور سے ہرن مینار تک حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے بند رکھا گیا۔

دوسری جانب دھند کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر رہا، کراچی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 402 ، دبئی سے لاہور آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز 724 تاخیر کا شکار رہی جبکہ لاہور سے کراچی جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز 523 طیارے کی عدم دستیابی کے باعث اڑان نہیں بھر سکی۔