سول سوسائٹی کی جانب سے دارالحکومت میں الیکٹرک بسوں کی تعریف

اتوار 2 فروری 2025 17:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2025ء) سول سوسائٹی کی تنظیموں اور ماحولیاتی کارکنوں نے اسلام آباد میں الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کے حکومتی فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے فضائی آلودگی کو کم کرنے اور پائیدار نقل و حمل کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔یہ الیکٹرک بسیں 13 روٹس پر چلائی گئی ہیں جن میں فیض آباد تا نسٹ میٹرو سٹیشن، فیض آباد تا علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، پاک سیکرٹریٹ تا کچہری میٹرو سٹیشن، نیشنل لائبریری تا پمز میٹرو سٹیشن شامل ہیں۔

اسی طرح دیگر راستوں میں پمز سے بری امام، ڈی 12 سے نسٹ میٹرو اسٹیشن، پمز سے نسٹ میٹرو اسٹیشن، پمز سے گولڑہ شریف، آبپارہ سے ترامڑی، کھنہ پل سے نیلور، فیض آباد سے پیر ودھائی موڑ، گولڑہ موڑ سے واہ کینٹ اور روٹس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

گولڑہ موڑ سے I-16 شامل ہیں۔ماحولیاتی ماہر منیر احمد نے کہا کہ الیکٹرک بسیں نہ صرف گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو کم کریں گی بلکہ صاف اور صحت مند ماحول میں بھی حصہ ڈالیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم برسوں سے ماحول دوست نقل و حمل کے حل کی وکالت کر رہے ہیں اور حکومت کو اس سمت میں ٹھوس قدم اٹھاتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی۔ ایک مسافر امین فہیم نے کہا کہ الیکٹرک بس میرے لیے گیم چینجر ہے اور میں آخر کار روایتی بسوں کے شور اور آلودگی کے بغیر پرامن سفر سے لطف اندوز ہو سکتا ہوں۔الیکٹرک بسیں فضائی آلودگی اور صوتی آلودگی کو کم کرکے عوامی صحت کو نمایاں طور پر بہتر بنا سکتی ہیں۔تاہم سول سوسائٹی کے اراکین نے اس اقدام کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ بندی کی ضرورت پر زور دیا جس میں قابل اعتماد چارجنگ انفراسٹرکچر کا قیام اور ڈرائیوروں کی تربیت شامل ہے۔