پاکستان ٹریول مارٹ نمائش اختتام پذیر،شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت

اتوار 2 فروری 2025 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2025ء) بین الاقوامی ٹریول اینڈ ٹورازم ایونٹ پاکستان ٹریول مارٹ (پی ٹی ایم) 2025 کا چوتھا ایڈیشن نمائشی سٹالز ،کانفرنسز اور انٹرایکٹو سیشنز پر مشتمل اتوار کو شاندار ثقافتی اور روایتی پرفارمنسز کے ساتھ ایکسپو سینٹر کراچی میں اختتام پذیر ہوا۔پی ٹی ایم 2025 میں تقریباً 20 سے زائد ممالک سے ایئر لائن کمپنیوں، ہوٹل انڈسٹری اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے حصہ لیا۔

پی ٹی ایم 2025 میں پاکستان اور ایشیاء، مشرق وسطیٰ، افریقہ اور یورپ کی متعدد نامور ٹریول اینڈ ٹورازم کمپنیوں کے ساتھ ساتھ سرکاری محکموں اور تنظیموں نے اپنے سٹالز لگائے تھے۔اس تقریب نے ملک میں قومی اور بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے کے کثیر جہتی مواقع کی پیشکش کی جس میں مسحور کن قدرتی خوبصورتی اور حیرت انگیز جغرافیائی تنوع ہے۔

(جاری ہے)

شہریوں کی بڑی تعداد نے ایکسپو کا دورہ کیا اور مختلف ممالک کی جانب سے لگائے گئے سٹالز پر پیشکشوں، مصنوعات اور خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔

پی ٹی ایم کا افتتاح جمعہ کو سندھ کے وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے ایران کے صوبہ خراسان کے گورنر ڈاکٹر غلام حسین مظفری اور مختلف دوست ممالک کے سفارت کاروں کے ہمراہ کیا تھا۔پی ٹی ایم ایک معروف بین الاقوامی ٹریول ٹریڈ شو ہے جو دنیا کو پاکستان سے جوڑتا ہے، سفر اور سیاحت کے مواقع پیدا کرتا ہے،سیاحت کو فروغ دینے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے جدید حل پیش کرتا ہے۔پی ٹی ایم کی میزبانی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور صوبائی ٹورازم اتھارٹیز کے ساتھ مل کر کی تھی.