پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام ارمان لونی کی چھٹی برسی کے مناسبت سے اجتماع ضلع سیکرٹری حاجی دارا خان جوگیزئی کے زیر صدارت منعقد ہوا

بدھ 5 فروری 2025 22:30

ّقلعہ سیف اللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 فروری2025ء) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام ارمان لونی کی چھٹی برسی کے مناسبت سے اجتماع ضلع سیکرٹری حاجی دارا خان جوگیزئی کے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجتماع سے حاجی دارا خان جوگیزئی، صوبائی سیکرٹری برائے ثقافت سردار حیات خان میرزئی، محترمہ وڑانگہ لونی ،ضلع سینئر معاون سیکرٹری نقیب پامیر ،ضلع اطلاعات سیکرٹری عزیز اللہ کاکڑ ،محیب اللہ شیراز، تحصیل سیکرٹری عزیز احمد عزیز نے خطاب کیا۔

مقررین نے پشتونخوا میپ اور پشتونخوا ایس او کے رہنماء اور پروفیسر ابراہیم عرف ارمان لونی کی شہادت کی چھٹی برسی پر ان کی قومی ،وطنی ،سیاسی ، ادبی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ مقررین نے ارمان لونی کی قربانی کو پشتون وطن کے سیاسی ورکروں کیلئے مشعل راہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ارمان لونی کی پوری زندگی جہد مسلسل کی مانند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنا سیاسی سفر پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن سے شروع کیا اور پوری زندگی خان شہید عبد الصمد خان اچکزئی کے افکار پر کار بند رہے ۔

مقررین نے کہا کہ پشتونخوا وطن کے تحفظ کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے پشتونخوا وطن میں موجود تمام وسائل پشتونوں کی ملکیت ہے ہم کسی بھی صورت اپنے وسائل سے دستبردار نہیں ہونگے ۔ارمان لونی یہی مشن لیکر سیاست میں آئے اور آخر دم تک اس پر استقامت سے قائم رہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فارم 47کی جعلی ، زر وزور کی بنیاد پر مسلط حکومت /حکومتوں نے عوام کو انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم کردیا ہے۔

ملک بالخصوص اس پشتون بلوچ صوبے میں غیر یقینی صورتحال کے باعث ہر شعبہ زندگی میں عوام مسائل ومشکلات اور سیکورٹی کے مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت شاہراہیں عوام کی سفر کے لیے محفوظ نہیںرہی ، دہشتگردی، بدامنی ، لاقانونیت عروج پر ہے ، سویلین حکومت پائمال ہے جس کے باعث ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر بے بس اور انتظامیہ مکمل طور پر مفلوج ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرے ،انہیں ملکی آئین کے تحت حاصل تمام بنیادی سہولیات وضروریات فراہم کرے لیکن آج تعلیم ، صحت، زراعت، روزگار سب کچھ چھینا جارہا ہے۔ حتیٰ کہ عوام سے شناختی کارڈ کا حق بھی چھینا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ 8فروری کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے واجتماعات منعقد ہوں گے اور اس دن کو بطور سیاہ دن منایا جائے گا۔ ہم تمام عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جوش وجذبے کے ساتھ اس دن کو منائیں اور اس دن ہونیوالے احتجاج واجتماعات میں بھرپور شرکت کرے۔