انجینئرنگ یونیورسٹی میں انٹر فیکلٹی کرکٹ ٹورنامنٹ اختتام پزیر

جمعرات 6 فروری 2025 17:15

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے انٹر فیکلٹی کرکٹ ٹورنامنٹ 2025 کی اختتامی تقریب یو ای ٹی پشاور کے ویڈیو کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ دو روزہ ٹورنامنٹ میں چار فیکلٹیز نے بھرپور شرکت کی جن میں فیکلٹی آف سول، ایگریکلچرل اینڈ مائننگ انجینئرنگ، فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ، فیکلٹی آف مکینیکل، کیمیکل اینڈ انڈسٹریل انجینئرنگ اور فیکلٹی آف آرکیٹیکچر، الائیڈ سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز شامل تھیں۔

فائنل میچ کے سنسنی خیز مقابلے میں فیکلٹی آ ف مکینیکل،کیمیکل اینڈ انڈسٹریل انجینئرنگ نے کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیمپئن کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ فیکلٹی آف آرکیٹیکچر، الائیڈ سائنسز اینڈ ہیومینیٹیز نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

فیکلٹی آف سول، ایگریکلچرل اینڈ مائننگ انجینئرنگ نے تیسری پوزیشن اپنے نام کی جبکہ فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ چوتھے نمبر پر رہی۔

یو ای ٹی پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی کو ''مین آف دی ٹورنامنٹ'' قرار دیا گیا جبکہ ڈاکٹر ذیشان ظہیر فائنل میچ کے ''مین آف دی میچ'' قرار پائے۔اختتامی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی نے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس اساتذہ کو اپنی صلاحیتوں اور سپورٹس مین شپ کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔

وائس چانسلر نے ڈائریکٹر اسپورٹس کو ہدایت دی کہ مستقبل میں انٹر یونیورسٹی اور انٹر کیمپس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے تاکہ فیکلٹی ممبرز اس سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیل ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہیں جو جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو بڑھاتے ہیں۔وائس چانسلر نے اس کامیاب ایونٹ کے انعقاد پر چیئرمین اسپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر رضوان ایم گل، ڈاکٹر فرید اللہ خان (چیف آرگنائزر)، محمد علی (ڈائریکٹر اسپورٹس) اور یو ای ٹی اسپورٹس سوسائٹی کے طلباء ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔

اس موقع پر انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر امجد علی، ڈین فیکلٹی آف آرکیٹیکچر، الائیڈ سائنسز اینڈ ہیومینیٹیزکو ان کی ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی قیادت کی۔قبل ازیں، چیئرمین اسپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر رضوان ایم گل اور ڈاکٹر فرید اللہ خان نے کہا کہ یو ای ٹی پشاور کی انتظامیہ کھیلوں کی اہمیت سے بخوبی واقف ہے۔ ہم طلبہ اور اساتذہ کو بہترین کھیلوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کیونکہ کھیل جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انتہائی ضروری ہیں۔