سرسید یونیورسٹی اور علیگڑھ کالج آف ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام اسپورٹس کمپلیکس کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب کا انعقاد

جمعرات 6 فروری 2025 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2025ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (SSUET) اور علیگڑھ کالج آف ٹیکنالوجیز کے زیراہتمام گرانڈ بریکنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمانِ خصوصی پاکستان کے معروف کرکٹر اورسابقہ ٹیسٹ کیپٹن یونس خان تھے۔تقریب کے شرکا میں رجسٹرار کموڈور (ر)سید سرفراز علی، اسپورٹس کنونینئر قاضی نصر عباس، قائم مقام اسپورٹس ڈائریکٹر فیاض علی، اسپورٹس کنسلٹنٹ و کوچ شوکت مرزا، علیگڑھ کالج کے پرنسپل شاہد جمیل، وقار حسین و دیگر شامل تھے۔

ممتاز کرکٹر اور سابق ٹیسٹ کیپٹن یونس خان نے کہا کہ یہ کمپلیکس اعلی معیار کی علامت ہے جو نہ صرف کھیلوں کی بہترین سہولت فراہم کرے گا بلکہ طلبا و طالبات کو قومی و بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بھی تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

اس طرح کے منصوبے ہمارے معاشرے کو صحتمند رکھیں گے اور مستقبل کے کھلاڑیوں کے لیے نرسری کا کام کریں گے۔آج کے بچوں کے پاس کھیلنے کے لیے گرانڈز نہیں ہیں۔

ایجوکیشن اور اسپورٹس دو الگ الگ چیزیں نہیں ہیں بلکہ ایک دوسرے کا لازمی جز ہیں۔جو لڑکا جسمانی طورپر فٹ ہوگا وہ پڑھائی میں بھی اچھا ہوگا۔ہمیں معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منور حسین نے کہا کہ یہ اسپورٹس کمپلیکس سرسید یونیورسٹی اور علیگڑھ کالج آف ٹیکنالوجی کے عزم کی واضح مثال ہے جس کا آغاز صحتمند اور متحرک زندگی کو فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔

۔اس جدید ترین اسپورٹس کمپلیکس سے نہ صرف سرسید یونیورسٹی کے طلبا استفادہ کریں گے بلکہ دیگر اداروں کے طلبا و طالبات بھی اس کی سہولتوں سے مستفید ہوسکیں گے۔یہ کمپلیکس اعلی معیار کی اسپورٹس سہولیات فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں قومی و بین الاقوامی معیار کے مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ اختتامِ تقریب پرعلیگڑھ کالج کے پرنسپل شاہد جمیل نے اظہار تشکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس میں کرکٹ کورٹ، سوئمنگ پول، فٹسول، بیڈمنٹن کورٹ، باسکٹ بال کورٹ، جاگنگ ٹریک و دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔