یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد

جمعہ 7 فروری 2025 15:34

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2025ء) یونیورسٹی آف سیالکوٹ میں چئیرمین بورڈآف گورنرز فیصل منظور کی زیر سرپرستی اور وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الر حمان کی زیر نگرانی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد کیاگیا۔سیمینار میں ڈئینز، ڈائریکٹرز، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈین انٹر فیکلٹی لنکجز، یونیورسٹی آف سیالکوٹ پروفیسر ڈاکٹر اسلم ڈارکا کہنا تھا کہ آزادی کوئی آسان چیز نہیں ہے، ہمیں مظلوم ریاستوں کی حالت کو دیکھنا چاہیے۔تمام کشمیری اہمیت کے حامل ہیں، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہوں۔ وہ ہمارا ایک حصہ ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام پاکستانی اپنے قول و فعل سے کشمیر کے جذبے کو زندہ رکھیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر ایڈمیشنز، یونیورسٹی آف سیالکوٹ کلیم رضاکا کہنا تھا کہ سیالکوٹ اور کشمیر کے درمیان تاریخی اور ثقافتی روابط پر اپنی ایک الگ تاریخ ہے جو کہ آج بھی زندہ ہے۔ کیونکہ دونوں خطوں کے لوگوں نے صدیوں سے وراثت، تجارت اور بھائی چارے کے رشتے مشترک رکھے ہیں۔ حاضرین کا کہنا تھا کہ چئیرمین بورڈآف گورنرز فیصل منظور کی زیر سرپرستی اور وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر محمد خلیق الر حمان کی زیر نگرانی میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے آگاہی سیمینار اور یکجہتی واک کا انعقاد ایک خوش آئند قدم ہے۔ سیمینار کے بعد یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈینز، ڈائریکٹرز، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے کشمیر کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :