چارسدہ میں عمرہ زائرین کے لیے پولیو ویکسین سرٹیفکیٹ کی شرط میں نرمی کا مطالبہ

جمعہ 7 فروری 2025 23:16

چارسدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2025ء)ٹریولز ایسوسی ایشن چارسدہ نے جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (گاکا)اتھارٹی سے سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین اور دیگر مسافروں کے لیے پولیو ویکسین سرٹیفکیٹ کے 4ہفتے کے دورانیے میں نرمی کرنے اور محکمہ صحت خیبر پختونخوا سے چارسدہ ڈی ایچ او آفس میں پولیو آئی ڈی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق، ٹریولز ایسوسی ایشن (ٹیک) کا اجلاس حاجی فضل محمود کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں افتخاراحمد، مولانا قاری فضل امین شاہ، حاجی محمد آیاز، قاری محمد سریر، پیر آصف جان، قاری ارشاد احمد، عماد خان، شفیق قادری، رومان خان، عنایت الرحمان، آیاز خان، خلیق الرحمان اور دیگر افراد نے شرکت کی۔اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے محکمہ صحت خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا گیا کہ پشاور کی طرح چارسدہ میں بھی پولیو آئی ڈی کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین اور دیگر مسافر بار بار دوسرے اضلاع کے چکر لگانے کی پریشانی سے بچ سکیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ، سعودی عرب جانے والے افراد کے لیے پولیو ویکسین کے 4 ہفتے والے سرٹیفکیٹ کی شرط رکھی گئی ہے، جو بعض اوقات ایمرجنسی کی صورت میں پورا کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس لیے مطالبہ کیا گیا کہ اس دورانیے کو کم سے کم وقت میں ممکن بنایا جائے۔اجلاس میں ایسوسی ایشن کے 2025 کے انتخابات اور خلف برادری کی تقریب پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔