آئی سی سی آئی کے صدر کا کاروباری ماحول کی ناگفتہ صورتحال پر اظہار تشویش

ہفتہ 8 فروری 2025 23:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ناصر منصور قریشی نے اسلام آباد میں تاجر برادری کو درپیش بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے متعلقہ حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اجلاس کے دوران چوہدری محمد علی رندھاوا، چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کی موجودگی میں ایک پریزنٹیشن کے ذریعے انہوں نے کاروباری لاگت میں نمایاں اضافے اور مقامی کاروباری اداروں پر ٹیکسوں کے بھاری بوجھ پر روشنی ڈالی جو کاروبار اور شہر کی ترقی کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد میں کاروباری حضرات دوسرے شہروں کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس ادا کر رہے ہیں اور اگر اس صورت حال پر توجہ نہ دی گئی تو کاروبار بیرون ملک جانے پر مجبور ہو سکتے ہیں، جس سے بے روزگاری کی شرح مزید متاثر ہو سکتی ہے اور حکومت محصولات سے محروم ہو سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ"اسلام آباد میں کاروبار کرنے کی لاگت 190 فیصد تک بڑھ گئی ہے، جس سے صنعتوں اور کاروبار کے لیے ناسازگار ماحول پیدا ہوا ہے۔

یہ خطرناک رجحان مقامی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب کر سکتا ہے،" انہوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ کم ہوتے ملازمت کے مواقع اور کاروبار کے امکانات کی وجہ سے تعلیم یافتہ نوجوان پہلے ہی ملک چھوڑ رہے ہیں۔مزید برآں صدر قریشی نے جہاز توڑنے کی صنعت میں فوری اصلاحات پر زور دیا جو اسٹیل انڈسٹری کو سکریپ میٹل کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کس طرح اس سیکٹر پر ضرورت سے زیادہ ٹیکس ملک کی مینوفیکچرنگ صنعتوں کو سپورٹ کرنے کی صلاحیت کو کم کر رہا ہے۔آئی سی سی آئی کے صدر نے اسلام آباد کو صاف ستھرا، سرسبز اور رہائشیوں اور سیاحوں کے لیے یکساں پرکشش بنانے کے لیے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے کاروباری برادری کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ، نائب صدر طارق جدون، چیئرمین کیپٹل آفس کریم عزیز ملک، چیئرمین کوآرڈینیشن ملک سہیل، چیئرمین فانڈر گروپ طارق صادق، سابق صدور آئی سی سی آئی خالد جاوید، میاں اکرم فرید، عبدالرف عالم اور دیگر تاجر رہنمائوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور انہوں نے صدر قریشی کی اصلاح احوال کی تجاویز کی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول پیدا کریں تاکہ شہر کی مسلسل اقتصادی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔