تھیلیسیمیا اور ہیپاٹائٹس سے بچا کے لیے نادرا سکھر میں خصوصی ڈیسک قائم

ہفتہ 8 فروری 2025 19:45

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2025ء) نادرا سکھر نے محکمہ صحت حکومت سندھ، سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی اور محمدی بلڈ بینک اینڈ تھیلیسیمیا سینٹر کے تعاون سے تھیلیسیمیا اور ہیپاٹائٹس سے بچا کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کر دیا۔ اس سلسلے میں نادرا سکھر میں ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ تھے۔

افتتاحی تقریب میں ڈی جی نادرا عامر علی خان، سی ای او محمدی بلڈ بینک اینڈ تھیلیسیمیا سینٹر سید مہدی رضوی، ڈپٹی کمشنر محمد بخش دھاریجو، ڈی ایچ او یاسر گبول، اور غلام محمد میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد الطاف شیخ سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر مقررین نے شادی سے پہلے تھیلیسیمیا ٹیسٹ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اس اقدام کے تحت نادرا میں شناختی کارڈ کے لیے آنے والے شہریوں کو تھیلیسیمیا اور خون کے دیگر ٹیسٹ کروانے کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔

(جاری ہے)

شادی سے پہلے خون کی اسکریننگ اور ایچ بی الیکٹروفوریسس جیسے ٹیسٹ کروانا صحت مند معاشرے کے لیے ناگزیر ہے۔تقریب کے شرکا اور مقررین نے اس اہم اقدام پر حکومت سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور سیکریٹری سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی ڈاکٹر درِ ناز جمال کی کاوشوں کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس مہم سے تھیلیسیمیا اور ہیپاٹائٹس جیسے مہلک امراض کے خلاف مثر اقدامات کیے جا سکیں گے۔